ایرانی پٹرولیم مصنوعات سے پاکستانی ریفائنریوں کو شدیدخطرات

غیر قانونی کاروبار نہ روکا گیا تو صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے، چیئرمین اوگرا کو خط

اسلام آباد:

امریکا اور ایران کے درمیان جاری جنگ اورآبنائے ہرمزکی بندش کے باعث جہاں دنیا بھرمیں تیل کی قیمتیں تیزی سے بڑھ رہی ہیں، وہیں پاکستان میں ایران سے اسمگل شدہ پیٹرولیم مصنوعات نے مقامی آئل ریفائنریوں کیلیے سنگین خطرات پیدا کردیے ہیں۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ دو ماہ سے آبنائے ہرمز بند ہونے کے باعث پاکستان کاہفتہ وار تیل درآمدی بل 300 ملین ڈالر سے بڑھ کر 800 ملین ڈالر تک پہنچ چکاہے،جس سے ملکی معیشت شدید دباؤکاشکار ہے،صورتحال میں ایرانی ڈیزل اور پٹرول اسمگلنگ میں نمایاں اضافہ دیکھاگیا۔

پاکستان کی  بڑی ریفائنریوں پارکو، پاکستان ریفائنری لمیٹڈ،نیشنل ریفائنری اوراٹک ریفائنری نے مشترکہ طور پر اوگرا کے چیئرمین کو خط لکھ کر خبردارکیاہے کہ اسمگل شدہ ایرانی تیل مقامی ریفائنریوں کی پیداواروکاروبارکیلیے بڑاخطرہ بن چکاہے۔3

ریفائنریوں نے مؤقف اختیارکیا کہ مقامی پیداوارکم کرنے کے بجائے حکومت کو سرحد پار غیرقانونی تیل کی آمد روکنے کیلیے مؤثر اقدامات کرناچاہییں، اس سے مقامی ریفائن شدہ مصنوعات کی طلب متاثر ہورہی ہے۔

خط میں کہاگیاکہ اگر غیرقانونی کاروبارکو نہ روکاگیا توصورتحال ماضی کی طرح مزیدخراب ہو سکتی ہے،جس سے ریفائنریوں کی پیداوار،مالی استحکام اور ملکی سپلائی چین شدید متاثر ہوگی۔

یاد رہے کہ 2024 میں انٹیلی جنس اداروں نے 738 پیٹرول پمپس، اسمگلروں اور بعض سرکاری اہلکاروں پر مشتمل بڑے نیٹ ورک کاسراغ لگایا تھا،جس سے قومی خزانے کو سالانہ 227 ارب روپے کانقصان پہنچ رہا تھا۔

رپورٹس کے مطابق روزانہ تقریباً 5 ہزار ٹن اسمگل شدہ ڈیزل پاکستان لایا جارہاہے،جو ملک میں ہائی اسپیڈ ڈیزل کی مجموعی طلب کاتقریباً 23 فیصد بنتاہے،حکومت کو فی لیٹر تقریباً 80 روپے کی پٹرولیم لیوی اورکسٹم ڈیوٹی کانقصان برداشت کرنا پڑرہاہے۔

ادھر سعودی عرب اور کویت نے حالیہ دنوں میں پاکستان کو تیل کی فراہمی بڑھادی ہے،تاکہ ممکنہ بحران سے بچاجاسکے۔

صنعتی حلقوں نے بلوچستان حکومت کے اس بیان پر بھی تشویش ظاہرکی ہے، جس میںصوبے میں ایرانی ڈیزل 280 روپے فی لیٹرفروخت کرنے کی اجازت دینے کی تجویز دی گئی تھی۔

ریفائنری مالکان کے مطابق اگر اسمگل شدہ مصنوعات کی روک تھام نہ کی گئی تو مقامی ریفائنریوں میں اربوں ڈالرکی سرمایہ کاری خطرے میں پڑ سکتی ہے۔

متعلقہ

Load Next Story