پاکستان نرسنگ کونسل سے ایچ ای سی نمائندگی ختم، کمیشن نے سینیٹ سے رجوع کر لیا
پاکستان نرسنگ اینڈ مڈوائفری کونسل میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ممبر کی نمائندگی ختم کر دی گئی، ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے پاکستان نرسنگ اینڈ مڈوائفری کونسل (PNMC) میں اپنی نمائندگی برقرار رکھنے کے لیے سینیٹ سے باضابطہ درخواست کر دی۔
چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے سینیٹ چیئرمین کو لکھے گئے مراسلے میں مؤقف اختیار کیا کہ نرسنگ کی اعلیٰ تعلیم، تعلیمی معیار، ڈگریوں کی منظوری اور ایکریڈیٹیشن نظام میں ایچ ای سی کا کردار نہایت اہم ہے۔
خط میں کہا گیا کہ نرسنگ ڈگری پروگرامز یونیورسٹیوں اور اعلیٰ تعلیمی اداروں کے تحت چلتے ہیں، اس لیے ان کی نگرانی اور معیار کی جانچ ایچ ای سی کے دائرہ اختیار میں آتی ہے۔
ایچ ای سی نے خبردار کیا کہ اگر نئے قانون میں کمیشن کی نمائندگی ختم کی گئی تو تعلیمی نگرانی اور پیشہ ورانہ ضابطہ کار میں عدم ہم آہنگی پیدا ہو سکتی ہے۔
ایچ ای سی نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ مجوزہ قانون سازی میں کمیشن کی نمائندگی برقرار رکھی جائے تاکہ نرسنگ تعلیم کے قومی معیار اور تعلیمی یکسانیت کو یقینی بنایا جا سکے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ کمیشن ممبر نے نرسنگ کونسل کے اجلاس کے دوران وزارت قومی صحت کے سیکرٹری کے نقطہ نظر کی مخالفت کرتے ہوئے صدر کے انتخابات کے لیے ووٹنگ کا مطالبہ کیا تھا اور کہا تھا کہ نرسنگ کونسل کی صدارت بیورو کریٹ کے بجائے پروفیشنل نرسنگ ممبر کے پاس ہونی چاہیئے۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ نرسنگ کونسل اجلاس میں خفگی کے بعد وزارت نے ایچ ای سی کو ممبر تبدیلی کا خط لکھا اور نفی جواب کے بعد وزارت نے نئے بل میں نرسنگ کونسل سے ایچ ای سی نمائندے کی نمائندگی سرے سے ختم کر دی۔