ملک میں سالانہ بنیاد پر مہنگائی میں اضافے کی رفتار ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی
فوٹو: فائل
وفاقی ادارہ شماریات نے دعویٰ کیا ہے کہ ملک میں مسلسل تین ہفتے مہنگائی میں اضافے کے بعد بھی حالیہ ہفتے ہفتہ وار مہنگائی میں اضافے کی رفتار میں0.33 فیصد کی کمی ہوگئی ہے تاہم سالانہ بنیاد پر مہنگائی میں اضافے کی رفتار اس وقت بھی 14.47 فیصد کی ریکارڈ سطع پرہے۔
وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ جاری کر دی گئی، جس کے مطابق حالیہ ہفتے کے دوران 26 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ، 11 اشیا سستی اور 14 اشیا کی قیمتیں مستحکم رہیں۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حالیہ ایک ہفتے میں آلو 0.87 فیصد، ٹماٹر 7.17 فیصد اور پیاز 6.08 فیصد،آٹا 1.84فیصد اور کوکنگ آئل کی قیمت میں0.34 فیصد اضافہ ہوا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ چکن کی قیمت میں 8.56 فیصد، بجلی کی قیمت میں 6.08 فیصد، لہسن کی قیمت میں3.53 فیصد، دال مونگ کی قیمت میں 1.45 فیصد، دال ماش کی قیمت میں 0.01 فیصد، دال چنا کی قیمت میں 0.26 فیصد، پیٹرول کی قیمت میں 1.21 فیصد، ڈیژل کی قیمت میں 1.21 فیصد، ایل پی جی کی قیمت میں0.87 فیصد، کیلوں کی قیمت میں 0.18 فیصد اور انڈوں کی قیمت میں 0.10 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔
اعدادوشمار میں بتایا گیا کہ حالیہ ہفتے کے دوران حساس قیمتوں کے اعشاریے کے لحاظ سے سالانہ بنیاد پر 17 ہزار 732روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی میں اضافے کی رفتار0.06 فیصد کمی کے ساتھ 11.79فیصد، 17 ہزار 733روپے سے 22 ہزار 888روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی میں اضافے کی رفتار 0.28 فیصد کمی کے ساتھ14.32فیصد ریکارڈ کی گئی۔
اسی طرح 22 ہزار 889روپے سے 29 ہزار 517 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی میں اضافے کی رفتار 0.15 فیصد کمی کے ساتھ 12.84 فیصد، 29 ہزار 518روپے سے 44 ہزار 175 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی میں اضافے کی رفتار0.13 فیصدکمی کے ساتھ 12.81 فیصد رہی اور 44 ہزار 176روپے ماہانہ سے زائد آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی میں اضافے کی رفتار0.36 فیصد کمی کے ساتھ 14.17 فیصد رہی ہے۔