کراچی: مومن آباد پولیس نے 12 گھنٹوں سے کم وقت میں قتل کا معمہ حل کر لیا، 3 ملزمان گرفتار

گرفتار ملزمان میں مقتول کی دوسری اہلیہ کا والد اور دو سالے شامل ہیں

کراچی کے علاقے مومن آباد میں پولیس نے قتل کا معمہ 12 گھنٹوں سے بھی کم وقت میں حل کرتے ہوئے 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

ایس ایس پی ویسٹ طارق الہیٰ مستوئی کا کہنا ہے کہ ملزمان نے چند گھنٹے قبل فرید کالونی میں فائرنگ کرکے فہد ولد ظہیر عباس کو قتل کیا تھا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اطلاع ملتے ہی جائے وقوعہ کا دورہ کیا گیا اور ابتدائی معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے قتل میں ملوث 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

ایس ایس پی ویسٹ کے مطابق گرفتار ملزمان میں مقتول کی دوسری اہلیہ کا والد اور دو سالے شامل ہیں۔ گرفتار افراد کی شناخت شبیر حسین، حاجی محمد اور خیال محمد کے ناموں سے ہوئی ہے۔

پولیس کے مطابق مقتول کے والد ظہیر عباس کی مدعیت میں درج مقدمے میں تینوں ملزمان کو نامزد کیا گیا تھا جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔

 

Load Next Story