اسلام آباد میں مراکش فوڈ فیسٹیول، مزیدار پکوانوں نے شہریوں کو گرویدہ بنالیا
اسلام آباد کے نجی ہوٹل میں مراکش فوڈ فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں سفارت کاروں اور شہریوں نے شرکت کی۔
نمائش میں مراکش کے روایتی پکوان پیش کیے گئے، جن میں خاص طور پر تاجین (Tajine) شامل تھا، جو مراکش کی سب سے مشہور ڈش ہے۔ اسے مٹی کے مخصوص برتن میں دھیمی آنچ پر پکایا جاتا ہے اور اس میں چکن، بیف یا مٹن کے ساتھ سبزیاں، خشک میوہ جات اور زیتون شامل کیے جاتے ہیں۔
اسی طرح کوسکوس (Couscous) بھی پیش کیا گیا، جو گندم کی سوجی سے تیار کیا جاتا ہے اور اسے خاص طور پر جمعہ کے دن کھایا جاتا ہے۔ اس کے اوپر گوشت اور مختلف تازہ سبزیاں رکھی جاتی ہیں۔ ہریرا (Harira) ایک روایتی سوپ ہے جو دالوں، چنوں، ٹماٹروں اور گوشت سے تیار کیا جاتا ہے۔
فیسٹیول میں پاسٹیلا (Pastilla) بھی توجہ کا مرکز رہی جو ایک لذیذ پرت دار پیسٹری ہے۔ اس کے اندر مرغی یا کبوتر کے گوشت، بادام اور مصالحوں کی فلنگ ہوتی ہے، جبکہ اوپر چینی اور دار چینی چھڑکی جاتی ہے۔
مشروبات اور میٹھوں میں مراکش کی مشہور سبز چائے (Mint Tea) پیش کی گئی جسے مقامی زبان میں "اتائے" کہا جاتا ہے۔ یہ چائے ہری پتیوں اور تازہ پودینے سے تیار کی جاتی ہے اور اس میں خاصی مقدار میں چینی شامل کی جاتی ہے، جو مراکشی مہمان نوازی کی علامت سمجھی جاتی ہے۔
اسی طرح کعب الغزال (Kaab el Ghazal) بھی پیش کیا گیا، جو چاند کی شکل کی ایک مشہور مٹھائی ہے اور اس کے اندر بادام کا پیسٹ بھرا ہوتا ہے۔
پاکستان میں تعینات مراکش کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن احمد دریف نے ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور مراکش کے درمیان دوستی کے تعلقات کئی برسوں پر محیط ہیں اور وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مراکش فوڈ فیسٹیول ایک یادگار ایونٹ ثابت ہوا جس میں اسلام آباد کے شہریوں نے بھرپور شرکت کی۔
مراکش کے پکوان اپنے منفرد ذائقوں، خوشبودار مصالحوں کے بہترین امتزاج کے باعث عالمی سطح پر بے حد مقبول ہیں۔ عرب، بربر اور فرانسیسی اثرات کے باعث ان کھانوں کی خوشبو اور لذت لوگوں کو اپنی جانب متوجہ کرتی ہے۔