اسرائیل کا غزہ میں پولیس چیک پوسٹ پر فضائی حملہ؛ 5 اہلکار شہید اور متعدد زخمی
اسرائیلی فوج کے فضائی حملے میں حماس پولیس کے 5 اہلکار شہید اور متعدد زخمی ہوگئے
غزہ کے شمالی علاقے میں اسرائیل کے فضائی حملے میں حماس پولیس کے 5 اہلکار جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔
عرب میڈیا کے مطابق الشفا اسپتال کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی حملے کے بعد اسپتال میں 5 لاشیں لائی گئیں جن کی شناخت پولیس اہلکاروں کے طور پر ہوئی ہے۔
ترجمان الشفا اسپتال نے بتایا کہ اسرائیلی حملے میں متعدد اہلکار زخمی بھی ہوئے جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
ادھر ترجمان حماس کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فورسز نے پولیس چوکی پر دو میزائل داغے جہاں حملے کے وقت 10 سے زائد اہلکار اپنے فرائض کی انجام دہی کے لیے موجود تھے۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ حملے کا ہدف حماس کے وہ پولیس اہلکار تھے جو اسرائیل پر حملوں میں ملوث تھے۔
امریکی صدر کے تشکیل کردہ غزہ پیس بورڈ کے قیام کے باوجود مختلف علاقوں میں اب بھی اسرائیلی فضائی حملوں اور جھڑپوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔
واضح رہے کہ اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی بمباری میں ایک لاکھ کے قریب فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جن میں نصف تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔