معاہدے کو حتمی شکل دینے کے بہت قریب پہنچ گئے؛ ٹرمپ
ایران جلد یورینیئم افزودگی اور جوہری ہتھیار بنانا بند کردے گا؛ ٹرمپ
امریکا اور ایران کے درمیان جاری بالواسطہ مذاکرات اہم مرحلے میں داخل ہوگئے جس کی تصدیق صدر ٹرمپ اور وزیر خارجہ مارکو روبیو نے بھی کی ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ثالث کار امریکا اور ایران کے درمیان معاہدے کو حتمی شکل دینے کے قریب پہنچ چکے ہیں۔
امریکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ ہر روز بات چیت مزید بہتر ہو رہی ہے تاہم انہوں نے معاہدے کی تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔
اس سے قبل ایک امریکی ویب سائٹ کو دیے گئے انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ یا تو ہم ایران کے ساتھ اچھی ڈیل کریں گے یا پھر اسے تباہ کر دیں گے۔
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ توقع ہے ایران جنگ بندی اور تنازع کے خاتمے کے لیے معاہدہ آج ہی قبول کرلے گا۔
بھارت کے دورے کے دوران نئی دہلی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مارکو روبیو نے کہا کہ ہوسکتا ہے آج، کل یا اگلے چند دنوں میں ہمارے پاس اعلان کے لیے کچھ ہو۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات میں مثبت اشارے مل رہے ہیں اور وہ اچھی خبر کے لیے پُرامید ہیں۔