ایران میں اسرائیل کیلیے جاسوسی پر 2 خواتین کو 53 سال قید

عدالت نے ایک خاتون کو 26 سال جبکہ دوسری کو 27 سال قید کی سزا سنائی

ایران میں اسرائیل کیلیے جاسوسی کے الزام میں دو خواتین کو 53 سال قید

ایران نے اسرائیل کے لیے مبینہ جاسوسی کے الزام میں دو خواتین کو مجموعی طور پر 53 سال قید کی سزا سنا دی گئی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق دونوں خواتین کا تعلق صوبہ سمنان سے ہے اور ان پر اسرائیلی نیٹ ورکس کے ساتھ رابطے رکھنے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔

ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ یہ خواتین دشمن عناصر کو ایسی ویڈیوز، تصاویر اور حساس معلومات فراہم کر رہی تھیں جو ایران کی قومی سلامتی اور مفادات کے لیے نقصان دہ سمجھی گئیں۔

عدالت نے ایک خاتون کو 26 سال جبکہ دوسری کو 27 سال قید کی سزا سنائی۔ ملزمان کو قانونی چارہ جوئی کی تمام سہولیات تک رسائی دی گئی۔

ایرانی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ ملزمان کے خلاف شواہد کی بنیاد پر کارروائی کی گئی، تاہم مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔

یاد رہے کہ ایران میں حالیہ حکومت مخالف مظاہروں کے بعد متعدد افراد کو حراست میں لیا گیا تھا جن میں سے چند کو پھانسی کی سزا بھی سنائی گئی ہے۔

اسرائیلی اور امریکی حملوں کے بعد سے ایران میں سیکیورٹی آپریشن کیے گئے تھے اور متعدد مقامی افراد کو حراست میں لیا گیا تھا جن پر اسرائیل کے لیے جاسوسی الزامات ہیں۔

 

 

Load Next Story