لیونل میسی انجری کا شکار، ورلڈکپ میں شرکت مشکوک
ارجنٹینا کے اسٹار فٹبالر لیونل میسی کی انجری سے متعلق خدشات نے فٹبال مداحوں کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق امریکی فٹبال لیگ کے ایک میچ میں انٹر میامی کی نمائندگی کرتے ہوئے میسی کو کھیل کے دوران تکلیف محسوس ہوئی جس کے بعد انہوں نے خود ہی متبادل کی درخواست کی اور میدان سے باہر چلے گئے۔
یہ واقعہ فلاڈلفیا یونین کے خلاف کھیلے گئے میچ میں پیش آیا جہاں بارش کے باعث گیلا میدان کھلاڑیوں کے لیے مشکل ثابت ہو رہا تھا۔
میچ کے 73ویں منٹ میں میسی کو اپنی بائیں ٹانگ کے پچھلے حصے کو پکڑتے دیکھا گیا جس کے بعد انہیں فوری طور پر میدان سے باہر بلا لیا گیا۔
تاہم وہ ڈگ آؤٹ کی جانب جاتے ہوئے نارمل انداز میں چلتے دکھائی دیے۔
17 days until the World Cup... 😶
🎥 @LeoMiamiSports pic.twitter.com/UlYyfUeDPq— 433 (@433) May 25, 2026
بعد ازاں ٹیم کے کوچ نے بتایا کہ ابتدائی طور پر معاملہ زیادہ سنگین محسوس نہیں ہوتا اور احتیاطی تدابیر کے طور پر میسی کو آرام دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خراب گراؤنڈ اور مسلسل کھیل کی وجہ سے میسی تھکن کا شکار تھےاس لیے کسی بھی ممکنہ خطرے سے بچنے کے لیے انہیں تبدیل کیا گیا۔
واضح رہے کہ 38 سالہ میسی نے اب تک باضابطہ طور پر ورلڈ کپ کھیلنے کی تصدیق نہیں کی ہے تاہم توقع کی جا رہی ہے کہ وہ دفاعی چیمپئن ارجنٹینا کی جانب سے اپنے کیریئر کا چھٹا ورلڈ کپ کھیلیں گے۔