کراچی میں پسند کی شادی کرنے والا جوڑا عدالت سے واپسی پر قتل
شہر قائد کے علاقے ملیر میں پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کو عدالت سے واپسی پر قتل کردیا گیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ملیر ہالٹ کے قریب گاڑی پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، گولیاں اس قدر قریب اور شدت سے چلیں کہ دونوں موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے مرد اور خاتون دونوں میاں بیوی ہیں جنہوں نے پسند کی شادی کی اور آج ہی کورٹ میں پیش ہوکر عدالت کو نکاح کے حوالے سے آگاہ کیا تھا۔
پولیس کے مطابق لڑکی کے اغوا کا مقدمہ اہل خانہ کی مدعیت میں سچل تھانے میں درج تھا جبکہ دونوں پسند کی شادی کرنے کے بعد ساتھ رہ رہے تھے اور آج عدالت میں ضمانت کیلیے پیش ہوئے تھے۔
عدالت نے نکاح نامہ دیکھنے اور دلائل سننے کے بعد شوہر کے خلاف اغوا کا مقدمہ خارج کرتے ہوئے اُسے باعزت بری کردیا تھا۔
پولیس کے مطابق مقتولین ملیر کورٹ میں پیش ہونے کے بعد سچل کے علاقے کی طرف واپس جارہے تھے کہ راستے میں گاڑی روک کر دونوں کو گھات لگا کر قتل کردیا گیا۔ مقتولہ کی شناخت نادیہ کے نام سے ہوئی ہے۔
دوسری جانب آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی سے فوری تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے واقعے میں ملوث ملزمان کا تعاقب کرکے انہیں فی الفور گرفتار کرنے اور تمام پہلوؤں سے شفاف تحقیقات یقینی بنانے کا حکم جاری کردیا۔