یوتھ اولمپکس ہاکی میں پاکستان نے فتوحات کی ہیٹ ٹرک مکمل کرلی

زیمبیا کو 9-2 سے زیر کیا،نوہیز اور محمد عتیق کے 3 ،3 گول، نیوزی لینڈ نے جرمنی کو 6-3 سے مات دے دی ،پول ’بی‘ میں ٹاپ۔۔۔

ویمنز ایونٹ میں نیدرلینڈز نے ارجنٹائن کو 6-0 سے آؤٹ کلاس کردیا، جاپان نے فجی کو 26-1 سے تختہ مشق بنایا، چین نے نیوزی لینڈ کو 8-3 سے مات دی۔ فوٹو: فائل

پاکستان ہاکی ٹیم نے دوسرے سمر یوتھ اولمپکس گیمز میں زیمبیا کو 9-2 سے زیرکرکے فتوحات کی ہیٹ ٹرک مکمل کرلی۔

نوہیز زاہد ملک اور محمد عتیق نے ہیٹ ٹرکس بناکر آسان فتح ٹیم کی جھولی میں ڈال دی، اس سے قبل ٹیم نے میکسیکو اور جرمنی کیخلاف یکطرفہ مقابلوں میں یکساں طور پر 6-2 کے بڑے مارجن سے کامیابی حاصل کی تھی۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق چینی شہر نانجنگ میں جاری مقابلوں میں پاکستان ہاکی ٹیم کی کامیابیوں کا سفر جاری رہا، اب تک 3 میچز میں اس نے مجموعی طور پر 21 گول بنائے جبکہ اس کے خلاف صرف 6 گول ہوئے، گذشتہ روز ٹیم نے زیمبیا کو 2 کے مقابلے میں 9 گول کے بڑے مارجن سے شکست دی۔


ملک نوہیز زاہد کے گول نے دوسرے ہی منٹ میں برتری دلادی جسے انھوں نے چوتھے منٹ میں دگنا کردیا، اس مرحلے پر حریف سائیڈخطرناک موڈ میں دکھائی دی اور صرف 3 منٹ میں 2 بار گیند کو جال میں پھینک کر مقابلہ2-2 سے برابر کر دیا، یہ گول لوول بلیسنگ اور الفرڈ چولا نے کھیل کے چوتھے اور ساتویں منٹ میں کیے، اس صورتحال میں پاکستانی ٹیم نے ہمت ہارنے کے بجائے عمدہ کم بیک کیا اورحریف سائیڈ کو تمام شعبوں میں آؤٹ کلاس کرتے ہوئے صرف24 منٹ میں 7 مرتبہ گیند کو جال کی راہ دکھا دی، یوں9-2 سے فتح ہاتھ آئی۔

کمال محمد جنید نے 11ویں منٹ میں زیمبیا کی دفاعی لائن کی دھجیاں بکھیرتے ہوئے گیند کو جال میں پھینکا، اگلے ہی منٹ میں عتیق احمد نے گول کرکے اسکور 4-2 کردیا، 16ویں منٹ میں محمد بلال محمود پاکستان ٹیم کی طرف سے پانچواں گول بنانے میں کامیاب رہے، مبشر علی نے21 اور ملک نوہیز زاہد ملک نے 23ویں منٹ میں گیند کو جال میں پہنچا کر ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کردیا، آخری 2 گول عتیق نے 29 اور 35ویں منٹ میں داغ کر فتح پاکستان کی جھولی میں ڈال دی۔

دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ نے جرمنی کو6-3 سے مات دے کر پول 'بی میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرلی،پاکستان سے یکساں 9 پوائنٹس ہونے کے باوجود کیویز کو بہتر گول اوسط کی بنیاد پر برتری حاصل ہے، گرین شرٹس جمعرات کو کیویز کے مقابل آئیں گے، کامیابی کی صورت میں ٹاپ پوزیشن مل جائیگی، پول ' اے ' میں بنگلہ دیش کو جنوبی افریقہ نے 4-3 سے مات دے دی، اسپین نے آسٹریلیا پر 7-6 سے غلبہ حاصل کیا، دوسری جانب ویمنز ہاکی ایونٹ میں نیدرلینڈز نے ارجنٹائن کو 6-0 سے آؤٹ کلاس کردیا، جاپان نے فجی کو 26-1 سے تختہ مشق بنایا، چین نے نیوزی لینڈ کو 8-3 سے مات دی، جرمنی نے زیمبیا کیخلاف 5-2 سے فتح کو اپنا مقدر بنایا۔
Load Next Story