لبنان؛ حزب اللہ کے ڈرون حملے میں ایک اور اسرائیلی فوجی ہلاک؛ تعداد 10 ہوگئی

مارچ سے جاری جھڑپوں میں مارے گئے اسرائیلی فوجی اہلکاروں کی تعداد 23 ہوگئی

اسرائیلی فوج کا ایک اور اہلکار حزب اللہ حملے میں ہلاک

لبنان کے جنوبی علاقے میں حزب اللہ کے ڈرون حملے میں ایک اسرائیلی فوجی ہلاک جبکہ دوسرا شدید زخمی ہوگیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ حزب اللہ کے حملے میں ہلاک ہونے والے اہلکار کی شناخت 19 سالہ سارجنٹ نہورائے لائزر کے نام سے ہوئی جو 601 ویں بٹالین میں کمبیٹ انجینئر کے طور پر خدمات انجام دے رہا تھا۔

اسرائیلی فوج کا مزید کہنا ہے کہ دھماکا خیز مواد سے لیس حزب اللہ کے ڈرون نے جنوبی لبنان کے بنت جبیل ضلع میں ایک بکتر بند فوجی گاڑی کو نشانہ بنایا جسے نہورائے لائزر چلا رہا تھا۔

واقعہ مقامی وقت کے مطابق دوپہر ساڑھے تین بجے عیسائی اکثریتی گاؤں دیبل کے قریب پیش آیا۔

اسرائیلی نشریاتی ادارے کے مطابق فوج اس بات کی تحقیقات کر رہی ہے کہ آیا ڈرون گاڑی کے اندر تک داخل ہونے میں کامیاب ہوا یا نہیں۔

اسرائیلی فوج کے ترجمان نے بتایا کہ حملے میں ایک اور اسرائیلی فوجی شدید زخمی ہوا جس کے اہل خانہ کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔

اپریل میں جنگ بندی کے اعلان کے بعد سے لبنان میں ہلاک ہونے والا یہ دسواں اسرائیلی فوجی ہے جب کہ مارچ سے جاری جھڑپوں میں مارے گئے اسرائیلی فوجی اہلکاروں کی تعداد 23 ہوگئی۔

خیال رہے کہ حالیہ مہینوں میں حزب اللہ کی جانب سے فرسٹ پرسن ویو (FPV) ڈرونز کے استعمال میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے جس کے باعث اسرائیلی فوج کو متعدد جانی نقصانات اٹھانا پڑے۔

اسرائیلی فوج کے بقول جنوبی لبنان میں جاری جھڑپوں کے دوران حزب اللہ نے تقریباً 5500 راکٹس اسرائیلی فوجی اہداف پر جبکہ 2500 راکٹ اسرائیل کے اندر فائر کیے۔

اس کے علاوہ تقریباً 300 ڈرون حملے بھی کیے گئے جن میں سے 25 ڈرون اسرائیل کے اندر ہدف تک پہنچنے میں کامیاب رہے۔

دوسری جانب لبنان کی وزارت صحت نے تصدیق کی ہے کہ اسرائیلی فوج کے حملوں میں اب تک 3 ہزار سے زائد افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جب کہ 5 ہزار سے زائد زخمی ہیں۔

 

Load Next Story