کراچی: سعود آباد میں نوبیاہتا جوڑے کے قتل میں ملوث مرکزی ملزم گرفتار
ملیر سعود آباد میں دن دیہاڑے چلتی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کرکے نوبیاہتا جوڑے کو قتل کرنے کے واقعے میں ملوث مرکزی ملزم کو سچل تھانے کی حدود سے گرفتار کرلیا گیا۔
گرفتار ملزم مقتولہ خاتون کا حقیقی بھائی ہے، گرفتارملزم نے دوران تفتیش بہن اور بہنوئی کو قتل کرنے کا اعتراف جرم بھی کرلیا۔
پیر کی شام ملیرسعود آباد نادرا آفس کے قریب موٹرسائیکل سوار نامعلوم مسلح ملزمان نے دن دیہاڑے چلتی گاڑی پراندھا دھند فائرنگ کرکے گاڑی کی عقبی سیٹ پر بیٹھے پسند کی شادی کرنے والےنوبیاہتا جوڑے کو قتل کردیا تھا اورموقع پرسے فرارہوگئے تھے۔
نوبیاہتا جوڑے کی شناخت نجیع اللہ اور نادیہ کے ناموں سے کی گئی تھی، نوبیاہتا جوڑے کے قتل کا مقدمہ مقتول نجیع اللہ کے بھائی محمد عثمان کی مدعیت میں مقتول کے سسر محمد اسلم اور 4 نامعلوم مسلح ملزمان کے خلاف سعود آباد تھانے میں درج کیا گیا تھا۔
دوران تفتیش پولیس نے سچل تھانے کی حدود میں چھاپہ مارکارروائی کے دوران نوبیاہتا جوڑے کے قتل میں ملوث مرکزی ملزم ساجد کو 15 گھنٹے میں ہی گرفتارکرلیا، گرفتارملزم مقتولہ خاتون نادیہ کا حقیقی بھائی ہے، ملزم نے غیرت کے نام پر بہن اور بہنوئی کو فائرنگ کرکے قتل کیا، ملزم نے دوران تفتیش بہن اور بہنوئی کے قتل کا اعتراف کرلیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق گرفتارملزم نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ اس کی بہن کی سعید گوپانگ سے ساڑھے تین لاکھ روپے میں منگنی ہوئی تھی اورعید کے بعد سعید گوپانگ سے شادی طے تھی بہن نے پسند کی شادی کرلی تو سعید گوپانگ پیسے کی واپسی کا تقاضہ کررہا تھا۔
پولیس ذرائع کے مطابق پیسہ واپس نہ ملنے پر سعید گوپانگ کی طرف سے بہن کو قتل کرنے کی شرط رکھی گئی تھی، سعید گوپانگ کے دباؤ کی وجہ سے بہن اور بہنوئی کو قتل کیا، قتل کے وقت موٹرسائیکل چلانے والا شخص مقتولہ خاتون کا سابقہ منگیتر سعید گوپانگ کا بھائی عابد گوپانگ تھا۔
واضح رہے کہ مقتول نوجوان نجیع اللہ کواہلیہ کے ساتھ گاڑی میں عدالت سے حیدرآباد جاتے ہوئے نشانہ بنایا گیا تھا، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں کار پر فائرنگ، ڈرائیور اور اس کے ساتھ موجود شخص کو جان بچانے کیلئے بھاگتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔