بالائی فضاؤں میں موجود ہائی پریشر مزید طاقتور، کراچی میں عید پر موسم کیسا رہے گا؟

شہر میں سمندری ہوائیں تواتر کے ساتھ بحال رہ سکتی ہے، محکمہ موسمیات

کراچی:

بالائی فضاؤں میں موجود ہائی پریشر ایریا آج سے مزید طاقتور ہو سکتا ہے جس کے سبب شہر قائد میں نمی کا تناسب بڑھنے سے گرمی زیادہ محسوس ہوگی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں عید الاضحیٰ کے تینوں روز موسم گرم و مرطوب رہ سکتا ہے جبکہ اس دوران سمندری ہوائیں تواتر کے ساتھ بحال رہ سکتی ہے۔

شہر میں درجہ حرارت معتدل تاہم نمی کا بڑھتا تناسب اصل درجہ حرارت سے کئی ڈگری زیادہ گرمی کا سبب بن سکتا ہے، صبح کے وقت نمی کا تناسب 80 اور شام کے وقت 70 فیصد کی سطح تک ریکارڈ ہو سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی فضا میں بننے والے سسٹم کے زیر اثر 31 مئی تک سندھ کے اکثر اضلاع میں درمیانی سے شدید ہیٹ ویو کی صور تحال پیدا ہونے کی توقع ہے۔

اس دوران سکھر، شکار پور، قمبر شہداد کوٹ، جیکب آباد، لاڑکانہ، موہن جو دڑو، دادو، شہید بینظیر آباد، گھوٹگی، خیرپور، نوشہرو فیروز میں درجہ حرارت معمول سے 04 سے 06 ڈگری سینٹی گریڈ اضافے کے ساتھ 47 سے 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھنے کا امکان ہے۔

ہیٹ ویو کی صورتحال کے باعث تھر پارکر، بدین، حیدر آباد، ٹنڈو محمد خان، عمرکوٹ، میر پور خاص، جامشورو اور سانگھڑ کے اضلاع میں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 44 تا 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھنے کا امکان ہے۔

ہیٹ ویو کی صور تحال کے پیش نظر خصوصاً بچوں، خواتین اور بزرگ شہریوں کو احتیاطی تا اور اختیار کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔

کاشتکار حضرات حالات کے مطابق اپنی فصلوں کی دیکھ بھال کریں اور اپنے مویشیوں کا خاص خیال رکھیں۔ صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک غیر ضروری طور پر دھوپ میں لکھنے سے گریز کریں، جسم کو پانی کی کمی سے محفوظ رکھنےکے لیے زیادہ سے زیادہ پانی کا استعمال کریں۔

Load Next Story