قومی بچت اسکیموں، سروا اسلامک اسکیموں پر منافع کی شرح میں اضافہ

وفاقی حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پالیسی کا اطلاق 26 مئی 2026 کو ہوگیا ہے

فوٹو: فائل

وفاقی حکومت نے قومی بچت اسکیموں اور سروا اسلامک اسکیموں پر منافع کی شرح میں اضافہ کردیا تاہم ڈیفنس سیونگز سرٹیفکیٹ، بہبود سیونگز سرٹیفکیٹ، پنشنرز بینیفٹ اکاؤنٹ اور شہدا فیملی ویلفیئر اکاؤنٹ سمیت متعدد اسکیموں کی لیے منافع کی شرح بغیر کسی ردو بدل کے برقرار رکھی ہے۔

وفاقی حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پالیسی کا اطلاق 26 مئی 2026 کو ہوگیا ہے، جس کے تحت بعض اسکیموں میں منافع کی شرح میں اضافہ کیا گیا ہے جبکہ متعدد اسکیموں کی شرح بدستور برقرار رکھی گئی ہیں۔

نوٹیفکیشن میں بتایا گیا کہ اسپیشل سیونگز سرٹیفکیٹ اکاؤنٹ پر ابتدائی پانچ منافع جات کے لیے سالانہ 11.6 فیصد منافع مقرر کیا گیا ہے جبکہ آخری منافع 12.4 فیصد سالانہ ہوگا۔

اسی طرح شارٹ ٹرم سیونگز سرٹیفکیٹس میں بھی اضافہ کیا گیا ہے جہاں تین ماہ، 6 ماہ اور ایک سالہ مدت کے لیے بالترتیب 10.84 فیصد، 10.58 فیصد اور 11.23 فیصد سالانہ منافع دیا جائے گا۔

سیونگ اکاؤنٹ کی شرح منافع 10 فیصد سالانہ مقرر کی گئی ہے البتہ ڈیفنس سیونگز سرٹیفکیٹ، بہبود سیونگز سرٹیفکیٹ، پنشنرز بینیفٹ اکاؤنٹ اور شہدا فیملی ویلفیئر اکاؤنٹ کی شرح میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے، بہبود، پنشنرز اور شہدا فیملی ویلفیئر اسکیموں پر بدستور 12 فیصد سالانہ منافع دیا جائے گا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق سروا اسلامک ٹرم اکاؤنٹ (ایس آئی ٹی اے) اور سروا اسلامک سیونگ اکاؤنٹ (ایس آئی ایس اے) کی شرح منافع میں بھی اضافہ کیا گیا ہے جہاں ایک سالہ اسلامی ٹرم اکاؤنٹ پر 10.93 فیصد اور 5 سالہ اکاؤنٹ پر 11.16 فیصد متوقع سالانہ منافع رکھا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ تمام اسکیموں پر مقررہ قوانین کے مطابق ودہولڈنگ ٹیکس اور زکوٰة کا اطلاق ہوگا۔

Load Next Story