چین میں گیمنگ ٹائیکون کے قتل پر بزنس پارٹنر کو پھانسی دیدی گئی

کاروباری شراکت دار نے پروبائیوٹک گولیوں کی شکل میں مہلک کیمیکلز لن چی کو کھانے کو دی تھیں

چین میں گیمنگ ٹائیکون کے قتل پر بزنس پارٹنر کو پھانسی دیدی گئی

چین میں معروف گیمنگ کمپنی یوزو گیمز کے بانی اور ارب پتی کاروباری شخصیت لن چی کے قتل میں ملوث ان کے کاروباری شراکت دار کو سزائے موت دیدی گئی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق 2020 میں شو یاو نے اپنے کاروباری ساتھی لن چی کو زہر دے کر قتل کیا تھا۔ دونوں کے درمیان اس وقت اختلافات پیدا ہوئے جب لن چی نے کمپنی کے بعض اہم کاروباری معاملات کی ذمہ داری دوسرے ایگزیکٹوز کے سپرد کر دی تھی۔

شو یاو نے اپنے پارٹنر کے اس فیصلے پر شدید ناراضی کا اظہار بھی کیا تھا حالانکہ اس نے اس سے قبل لن چی کے لیے نیٹ فلیکس کے ساتھ ایک اہم معاہدہ کرانے میں بھی مدد کی تھی۔

لن چی کی کمپنی یوژو گیمز کے پاس چین کے عالمی شہرت یافتہ مصنف کے مشہور سائنس فکشن ناول سلسلے Remembrance of Earth's Past کے فلمی حقوق بھی تھے جس پر مبنی عالمی شہرت یافتہ سیریز 3 Body Problem تیار کی گئی۔

اس سیریز نے 2024 میں ریلیز کے بعد دنیا بھر میں غیرمعمولی مقبولیت حاصل کی جبکہ لن چی کو بعد از مرگ اس کا ایگزیکٹو پروڈیوسر بھی تسلیم کیا گیا۔

عدالتی دستاویزات کے مطابق شو یاو نے مہلک کیمیکلز کو پروبائیوٹک گولیوں کا روپ دے کر لن چی کو دیا۔ دسمبر 2020 میں طبیعت خراب ہونے پر لن چی کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ نو دن بعد 39 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔

اس وقت لن چی کی مجموعی دولت تقریباً 6.8 ارب یوان یعنی 94 کروڑ ڈالر کے قریب بتائی جاتی تھی۔ پولیس نے لن چی کے اسپتال میں داخل ہونے کے چند روز بعد شو یاو کو گرفتار کر لیا تھا۔

چینی عدالت نے قتل کی اس سازش کو انتہائی گھناؤنا عمل قرار دیا تھا۔ شو یاو کے زہر دینے کے واقعات سے کئی دیگر افراد بھی بیمار ہوئے تھے۔

 

Load Next Story