جونیئر اسکواش چیمپئن شپ میں کامیاب شرکت، پاکستانی اسکواڈ واپس پہنچ گیا

اسلام آباد ایئرپورٹ آمد پر قومی جونیئر اسکواڈ کا پرتپاک استقبال کیا گیا

33 ویں ایشین جونیئرانفرادی اسکواش چیمپئن شپ 2026 میں کامیاب شرکت کے بعد پاکستان اسکواڈ منگل کو واپس وطن پہنچ گیا۔

ذرائع کے مطابق اسلام آباد ایئرپورٹ آمد پر قومی جونیئر اسکواڈ کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔کھلاڑیوں کو تالیاں بجا کر خوش آمدید کہا گیا، پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور ہار پہنائے گئے۔اس موقع پر فضا پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی۔

قومی جونیئر ٹیم کا خیر مقدم کرنے والوں میں پاکستان اسکواش فیڈریشن کے سیکریٹری گروپ کیپٹن (ر) عامر نواز اور دیگر حکام  کے علاوہ کھلاڑیوں کے عزیز و اقارب بھی موجود تھے،چین کےشہر پانزیہوامیں منعقدہ چیمپئن شپ پاکستان نے مجموعی طور پر پانچ میڈلز جیتے، ان  میں دو گولڈ، ایک سلور اور دو برانز میڈلز شامل تھے۔

بوائز انڈر17 ایونٹ میں نعمان خان اور بوائز انڈر15 میں احمد ریان خلیل نے گولڈ، گرلز انڈر15 ایونٹ میں ماہنور علی نے سلور، سہیل عدنان اور محمد عمیر عارف نے برانز میڈل جیتا، پاکستان کے دو کھلاڑی بوائز انڈر 19 ایونٹ میں سیڈ2 عبداللہ نواز اور بوائز انڈر 13 میں محمد مصطفی خان کوارٹر فائنل میں شکست کھا گئے تھے۔

گرلز انڈر 15 ایونٹ کے کوارٹر فائنل میں سحرش خان اپنی چھوٹی بہن ماہنور علی سے مات کھاکر چیمپین شپ سے باہر ہو گئی تھیں،چیمپین شپ میں گروپ کیپٹن( ر)عرفان اصغر  نےٹیم مینجر اور معروف سابق عالمی کھلاڑی فہیم گل نے ہیڈ کوچ کی ذمہ داری ادا کی۔

Load Next Story