بیلجیئم میں تیز رفتار ٹرین نے منی بس کو کچل دیا؛ 4 ہلاکتیں اور 5 زخمی
بیلجیئم میں اسکول منی بس تیز رفتار ٹرین سے ٹکرا گئی؛ 4 ہلاک اور 5 زخمی
بیلجیئم کے شمالی علاقے میں بچوں سے بھری اسکول کی منی بس پٹڑی عبور کرنے کے دوران تیزرفتار ٹرین کی زد میں آگئی۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ اُس وقت پیش آیا جب اسکول بس ریلوے لائن کے متوازی سڑک سے مڑ کر لیول کراسنگ پر داخل ہوئی حالانکہ حفاظتی بیریئر نیچے آچکے تھے اور سرخ سگنل روشن تھا۔
یہ منی بس اسکول جا رہی تھی جب 90 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ٹرین نے سے ٹکرا گئی۔ بس میں 7 بچے، ڈرائیور اور معاون موجود تھے۔ ٹرین سے تصادم اتنا شدید تھا کہ منی بس کے پرخچے اُڑ گئے۔
حادثے کے نتیجے میں 12 اور 15 سال کے دو بچے، 49 سالہ ڈرائیور اور 27 سالہ معاون موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جب کہ دیگر 5 بچے شدید زخمی ہیں جنھیں قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔
زخمی بچوں کی حالت تشویشناک ہے۔ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ خوش قسمتی سے ٹرین میں سوار کسی مسافر کو نقصان نہیں پہنچا تاہم ایک شخص کو شدید ذہنی صدمے کے باعث طبی امداد دی گئی۔
بیلجیئم کے وزیر برائے ٹرانسپورٹ نے تصدیق کی کہ حادثے کے وقت ریلوے کراسنگ کے بیریئر نیچے تھے۔ ریلوے نیٹ ورک کے ترجمان نے بتایا کہ ابتدائی سی سی ٹی وی فوٹیج سے بھی یہی ظاہر ہوتا ہے کہ سگنل سرخ تھا اور بیریئر بند تھے۔
بعض ذرائع کے مطابق منی بس کو بیریئر سے ٹکراتے ہوئے بھی دیکھا گیا تاہم ٹرین روکی گئی اور ڈرائیور کا الکوحل ٹیسٹ کیا گیا جو منفی آیا جبکہ منی بس ڈرائیور کا پوسٹ مارٹم کیا جا رہا ہے۔