میئر کراچی کی لاہور سے متعلق بیان پر معذرت
فوٹو فائل
میئر کراچی مرتضی وہاب نے آلائشیں اٹھانے اور صفائی کی کارکردگی کا دعویٰ کرنے پر جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم کو تنقید کا نشانہ بنا ڈالا جبکہ لاہور سے متعلق بیان پر معذرت بھی کرلی۔
میئر کراچی نے فیریئر ہال میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حافظ نعیم نے صبح 11 بجے پریس کانفرنس کی اور دعویٰ کیا کہ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کام نہیں کررہی جبکہ جماعت اسلامی کے جیتے ہوئے ٹاؤنز میں آلائشوں اور صفائی کا کام بہترین انداز سے چل رہا ہے۔
مرتضیٰ وہاب نے حافظ نعیم کے دعوے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ میں نے تین سال میں بہت کوشش کی کہ حافظ صاحب کو کوئی دوا پلا دوں، بس حافظ نعیم نے یہ نہیں کہا کہ بھارت سے جو جنگ جیتی اُس میں جہاز میں اڑا رہا تھا۔
میئر کراچی نے کہا کہ عید الاضحی کے پہلے روز کراچی میں قربانی کے بعد صفائی کی صورتحال کنٹرول میں جبکہ تمام بلدیاتی ادارے متحرک ہیں، پہلے روز 25 سے 30 ہزار ٹن آلائشوں کو لینڈ فل سائٹس پر منتقل کیا گیا جبکہ آلائشیں اٹھانے کے بعد چونے کا چھڑکاؤ اور اسپرے کیا جائے گا۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ میں نے مناسب سمجھا شام کے اس وقت آپ دوستوں سے ملاقات کروں ۔عید الاضحیٰ کی نماز کے فوری بعد ہی کراچی والے سنت ابراہیمی ادا کرتے اور بڑی تعداد میں جانور قربان کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بوہرہ کمیونٹی عید سے ایک روز قبل قربانی کرتی ہے اور ہمارے ادارے گزشتہ روز سے ہی میدان عمل میں ہیں جبکہ کارکردگی کو دیکھنے کیلیے میں نے ڈپٹی میئر کے ساتھ کئی علاقوں کا دورہ کیا جہاں مجموعی صورت حال بہتر ہے جبکہ چند مقامات پر آلائشیں نظر آئیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال عید پر 98 ہزار ٹن شہر سے آلائشیں اٹھائی گئی تھیں، اس بار کراچی میں 105 کلیکشن پوائنٹس بنائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ سالڈ ویسٹ کا عملہ گلی محلوں سے آلائشوں کو اٹھا کرکلیکشن پوائنٹس منتقل کررہا ہے جہاں سے آلائشوں کو لینڈ فل سائٹس منتقل کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے ڈپٹی میئر نے کراچی کے ساتھ مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔میں صدر ، لیاری ، ناظم آباد ، گلشن اقبال ، جناح ، سرجانی اور منگھو پیر ٹاؤن گیا ۔سالڈ ویسٹ کا عملہ گراؤنڈ موجود تھا۔قربانی مغرب تک جاری رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ پچھلے سال 24 ہزار ٹن آلائشوں کو عید کے پہلے دن لینڈ فل سائٹس منتقل کیا گیا تھا اس سال بھی عید الاضحی کے پہلے روز 25 سے 30 ہزار ٹن آلائشوں کو لینڈ فل سائٹس پر منتقل کررہے ہیں، تمام کلیکشن پوائنٹس کو خالی کرنے سے متعلق ہدایات دی ہیں۔ آلائشیں اٹھانے کے بعد چونے کا چھڑکاؤ اور اسپرے کیا جائے گا، آلائشوں کے ساتھ ساتھ مٹی چارے و دیگر سامان کو بھی اٹھا رہے ہیں۔
میئر کراچی نے کہا کہ ہم نے ہیلپ لائن نمبر 1128 بھی فعال رکھا ہے، کراچی والے آلائشوں سے متعلق شکایات درج کروا سکتے ہیں ۔300 شکایات سالڈ ویسٹ کو آلائش سے متعلق ملی تھیں 60 فیصد شکایتوں کو حل کر لیا گیا ہے، ہم گفتگو نہیں کرتے تو پھر لوگ باتیں کرنا شروع کر دیتے ہیں۔
مرتضی وہاب نے کہا کہ میں نے لاہور کیخلاف کوئی بات نہیں کی مگر یہ ضرور کہا کہ لاہور کا کراچی کے ساتھ موازنہ غیر مناسب ہے، لاہور ہمارا دل ہے اور اگر میری کسی بات سے برا لگا تو بلال یاسین سے معذرت کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں سے یہی اپیل کرونگا منافقین سے ہوشیار رہیں ۔اس شہر کے مسائل کو حل کرنا سب کی زمہ داری ہے، ماضی میں یہ روایات رہی ہے شہر کی سیوریج لائنوں سے آلائشیں نکلیں، شہر میں ایک جگہ موٹر سائیکل کے کچھ حصے اور آلائشیں ملیں مین ہولز سے۔
مرتضیٰ وہاب نے دعویٰ کیا کہ پچھلے سال کے مقابلے میں اس مرتبہ آلائشیں کے چیر پھاڑ کے واقعات کم ہوئے کیونکہ دفعہ 144 نافذ ہے۔
انہوں نے کہا کہ حافظ صاحب کی پریس کانفرنس دیکھی ۔حافظ صاحب نے کہا سارا کام ہمارے ٹاؤن چیئرمین کر رہے ہیں، میں نے تین سالوں میں بڑی کوشش کی ان کو کوئی دوائی پلا دوں۔حافظ صاحب بس یہ نہیں کہہ رہے کہ پچھلے سال انڈیا سے جو جنگ جیتی اس میں جہاز میں نےاڑا رہا تھا۔