کراچی میں دن دیہاڑے آٹھ ڈاکو گھر میں گھس کر سوا کروڑ کے زیوارت و نقدی لے گئے
عزیز آباد میں ڈاکوؤں نے دن دیہاڑے گھر میں گھس کر اہل خانہ کو یرغمال بنایا اور سوا کروڑ روپے کے زیورات اور نقدی لوٹ لی، لیاقت آباد میں ملزمان نجی ٹی وی چینل کے کرائم رپورٹر کے گھر سے بھاری مالیت کے زیورات، نقدی اور دیگر قیمتی سامان چوری کرکے لے گئے۔
ایکسپریس کے مطابق شہر قائد میں شہری عید پر بھی ڈاکوؤں سے محفوظ نہیں رہے، عزیز آباد کے علاقے فیڈرل بی ایریا بلاک 9 میں نصف درجن سے زائد ڈاکوؤں نے اسلحے کے زور پر گھر میں گھس کر اہل خانہ کو یرغمال بنالیا اور تلاشی کے دوران الماری سے طلائی زیورات اور نقدی لوٹ کر فرار ہوگئے۔
گھر کے مکین مرزا محمد بیگ نے بتایا کہ جمعرات کی دوپہر قصائی قربانی کے جانور کا گوشت بنا رہے تھے جو کہ پہلی منزل پر رہائش پذیر مالک مکان نے کی تھی اس دوران موٹر سائیکلوں پر سوار نصف درجن سے زائد ڈاکو آئے جس میں سے کچھ نے آن لائن بائیک رائیڈر کا ہیلمٹ پہنا ہوا تھا، ملزمان قصائی کے سر اسلحہ رکھ کر مالک مکان سے گراؤنڈ فلور پر میرے گھر کا گیٹ کھلوایا جس کے بعد ڈاکوؤں نے گھر میں داخل ہو کر الماری سے بھاری مالیت کے طلائی زیورات اور نقدی لوٹ لی جبکہ ڈاکوؤں کی مجموعی تعداد 8 کے قریب معلوم ہوئی ہے جو کہ موٹر سائیکلوں پر موقع سے فرار ہوگئے، زیورات اور نقدی کی مالیت ایک کروڑ 30 لاکھ روپے ہے۔
مکینوں نے بتایا کہ اس بات کا قوی امکان ہے کہ ڈاکوؤں کو مخبری تھی اور انھوں ںے واردات کے دوران صرف اسی الماری کی تلاشی لی جس میں طلائی زیورات اور نقدی موجود تھی، واردات کے دوران ڈاکوؤں نے سب اہل خانہ سے موبائل فون لے کر ایک جگہ جمع کردیئے لیکن لے کر نہیں گئے، لوٹے گئے زیورات بیٹی نے رکھوائے تھے جو کہ حج پر گئی ہوئی ہے۔
واردات کی فوری طور پر مددگار 15 کو اطلاع دی گئی، پولیس نے موقع پر پہنچ کر کرائم سین یونٹ کو طلب کر کے شواہد حاصل کیے جبکہ علاقے میں نصب کلوز سرکٹ کیمروں کی فوٹیجز بھی حاصل کی جا رہی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کچھ اہم شواہد ملے ہیں جن کی مدد سے ڈاکوؤں کا جلد سراغ لگالیا جائے گا۔
نجی ٹی وی چینل کے کرائم رپورٹر کے گھر چوری
دوسری جانب عیدالاضحیٰ کے پہلے روز بدھ کی شب لیاقت آباد ڈاک خانے کے قریب رہائش پذیر کرائم رپورٹر ایسوسی ایشن کے سابق انفارمیشن سیکرٹری اور نجی ٹی وی چینل کے کرائم رپورٹر خرم گلزار کے گھر سے نامعلوم ملزمان تالے توڑ کر بھاری مالیت کے طلائی زیورات ، نقدی اور دیگر قیمتی سامان لوٹ کر باآسانی فرار ہوگئے۔
واردات کی اطلاع فوری طور پر سپر مارکیٹ تھانے کو دی گئی جس کے بعد کرائم سین یونٹ نے موقع پر پہنچ کر شواہد حاصل کیے۔
آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو کا نوٹس
کرائم رپورٹر ایسوسی ایشن نے خرم گلزار کی رہائش گاہ کے تالے توڑ کر لوٹ مار کی واردات پر سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ڈی آئی جی ویسٹ زون اور ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل سے واردات میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔
ترجمان سندھ پولیس کے مطابق آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے نجی ٹی وی کے رپورٹر کے گھر نقب زنی جبکہ نجی ٹی وی چینل کے کرائم رپورٹرعامر سپرو سے ڈکیتی کی واردات کا نوٹس لیتے ہوئے کراچی پولیس چیف آزاد خان سے رپورٹ طلب کرلی۔
آئی جی سندھ نے کراچی پولیس چیف کو ہدایت دی ہے کہ دونوں واقعات میں متعلقہ ایس پی انویسٹی گیشن کے ذریعے فوری کارروائی کو یقینی اور متاثرہ صحافیوں سے مسلسل رابطہ رکھا جائے اور وارداتوں میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے عمل کو ہرصورت یقینی بنایا جائے۔