فیفا ورلڈکپ کے آغاز سے قبل برازیل کو بڑا دھچکا
برازیل کے اسٹار فٹبالر نیمار فیفا ورلڈ کپ 2026 کی تیاریوں کے سلسلے میں ہونے والے دوستانہ میچز سے باہر ہو سکتے ہیں کیونکہ وہ دوبارہ انجری کا شکار ہو گئے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق اس انجری کے باعث نیمار کو مکمل صحت یابی میں دو سے تین ہفتے لگ سکتے ہیں، جس سے ان کی ورلڈ کپ کے ابتدائی میچ میں شرکت بھی مشکوک ہو گئی ہے۔
34 سالہ نیمار کو یہ انجری 17 مئی کو سینٹوس کی کوریتیبا کے خلاف 3-0 کی شکست کے دوران ہوئی تھی۔
اس کے اگلے ہی روز برازیل کے نئے کوچ کارلو اینسیلوٹی نے انہیں ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل کیا تھا جس پر شائقین نے بھرپور خوشی کا اظہار کیا۔
کارلو اینسیلوٹی کا کہنا تھا کہ نیمار کی فٹنس پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور حالیہ مہینوں میں ان کی جسمانی حالت میں واضح بہتری آئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیمار ٹیم کے اہم کھلاڑی ہیں اور ورلڈ کپ میں ان کا کردار بہت اہم ہوگا۔
برازیل کے ٹیم ڈاکٹر روڈریگو لاسمار کی جانب سے انجری کی تصدیق کے بعد مڈفیلڈر کاسیمیرو نے بھی نیمار کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہر کھلاڑی کی فٹنس ٹیم کے لیے ضروری ہے۔
Neymar is set to be sidelined for up to three weeks with a muscle strain in his right calf, Brazil national team doctor Rodrigo Lasmar said on Thursday, making him a major doubt for the team's World Cup opener. pic.twitter.com/IW3n1MN10U
— ESPN FC (@ESPNFC) May 28, 2026
واضح رہے کہ برازیل گروپ سی میں شامل ہے اور اسے 13 جون کو مراکش، 19 جون کو ہیٹی اور 24 جون کو اسکاٹ لینڈ کے خلاف میچز کھیلنے ہیں۔