فرنچ اوپن: شدید گرمی نے کھلاڑیوں کیلیے نئی مشکلات پیدا کردیں

ہر روز حالات مختلف ہوتے ہیں، اس لیے کھلاڑیوں کو صرف حریف ہی نہیں بلکہ موسم کا مقابلہ بھی کرنا پڑتا ہے، سویتولینا

فرانس میں شدید گرمی نے فرنچ اوپن 2026 میں شریک کھلاڑیوں کے لیے نئی مشکلات پیدا کر دی ہیں۔

پیرس میں درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر گیا ہے، شدید دھوپ کے باعث رولانڈ گیروس کی سرخ مٹی والی کورٹ مزید تیز ہو گئی ہے جس سے میچز کا انداز بھی بدلتا دکھائی دے رہا ہے۔

دنیا کی معروف ٹینس اسٹار ایگا سواتیک اور ایلینا سویتولینا سمیت کئی کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ اس بار کامیابی اسی کھلاڑی کو ملے گی جو گرم موسم اور تیز رفتار کورٹ کے مطابق خود کو بہتر انداز میں ڈھال سکے گا۔

ماہرین کے مطابق گرمی میں گیند ہوا میں زیادہ تیزی سے سفر کرتی ہے اور خشک کورٹ پر اونچا اچھلتی ہے جس سے کھلاڑیوں کے لیے ردعمل دینا مشکل ہو جاتا ہے۔

سویتولینا نے کہا کہ ہر روز اور ہر میچ میں حالات مختلف ہوتے ہیں، اس لیے کھلاڑیوں کو صرف حریف ہی نہیں بلکہ موسم کا مقابلہ بھی کرنا پڑتا ہے۔

بیلنڈا بینچچ نے موجودہ حالات کو اپنے کھیل کے لیے موزوں قرار دیا جبکہ کئی مرد کھلاڑیوں کے میچز میں سیٹس غیر معمولی طور پر جلد ختم ہوتے دیکھے گئے۔

چار مرتبہ فرنچ اوپن جیتنے والی ایگا سواتیک نے بھی اعتراف کیا کہ اس سال کے حالات ماضی سے مختلف ہیں تاہم انہیں امید ہے کہ ٹورنامنٹ کے اگلے مرحلے میں موسم تبدیل ہو سکتا ہے۔

Load Next Story