وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا جنید اکبر و دیگر کی گلگت میں گرفتاری پر سخت ردعمل، بڑا اعلان کردیا

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان ان کی کال کا جواب نہیں دے رہے، جو ایک غیر جمہوری اور غیر سیاسی رویہ ہے، سہیل آفریدی

فوٹو: فائل

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے صوبائی صدر اور رکن قومی اسمبلی جنید اکبر خان اور دیگر پارلیمنٹرینز کی گلگت بلتستان میں گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے خود گلگت جانے کا اعلان کردیا۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ اگر ہمارے پارلیمنٹیرینز کو جلد رہا نہیں کیا گیا تو گلگت بلتستان کی کٹھ پتلی حکومت اور وہاں جعلی حکومت بنانے کے لیے سرگرم عناصر سے اپنے پارلیمینٹیرینز کے ساتھ ناروا سلوک کے بارے میں سوال کرنے کے لیے خود گلگت بلتستان جاؤں گا۔

انہوں نے کہا کہ ایسے رویے پاکستان کو نقصان پہنچا رہے ہیں اور ان اقدامات سے نفرتیں بڑھ رہی ہیں جبکہ اس قسم کے طرز عمل سے تقسیم پیدا ہو رہی ہے، جن کا کام عوامی مینڈیٹ کی حفاظت ہے، وہی ہمیشہ پاکستانیوں کے مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ الیکشن میں لیول پلینگ فیلڈ نہ دینے، زور زبردستی، ظلم و جبر کے ذریعے بانی چیئرمین عمران خان کی پارٹی کو مائنس کرنے کی کوششوں سے جمہوری نظام کو تباہ کیا جا رہا ہے۔

محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان ان کی کال کا جواب نہیں دے رہے، جو ایک غیر جمہوری اور غیر سیاسی رویہ ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ گلگت بلتستان کو نو گو ایریا نہیں بننے دیں گے، گلگت بلتستان غیرت مند لوگوں کا علاقہ ہے اور وہاں کے لوگ مہمان نواز ہیں، گلگت بلتستان کے عوام اپنے مہمانوں کی اس بے عزتی کا بدلہ آئندہ الیکشن میں ووٹ کے ذریعے لیں گے۔

صوبائی وزیراطلاعات شفیع جان نے بھی مذمتی بیان میں کہا کہ گلگت میں صوبائی صدر جنید اکبر خان اور دیگر پارٹی اراکین اسمبلی کی گرفتاری قابل مذمت اور سیاسی انتقام کی بدترین مثال ہے، منتخب اراکین اسمبلی کی گرفتاری جمہوری اقدار کے منافی اور عوامی مینڈیٹ کی توہین ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ انتخابی مہم میں حصہ لینا ہر سیاسی جماعت کا آئینی، قانونی اور جمہوری حق ہے لیکن بدقسمتی سے پی ٹی آئی کو بنیادی آئینی اور جمہوری حق سے بھی محروم کیا جا رہا ہے، دیگر سیاسی جماعتوں کو گلگت بلتستان میں انتخابی مہم کی کھلی اجازت ہے لیکن پاکستان تحریک انصاف کا راستہ روکا جا رہا ہے۔

شفیع جان نے کہا کہ گلگت بلتستان کی حکومت آخر کس بات سے خوف زدہ ہے کہ منتخب اراکین اسمبلی کو بھی گرفتار کیا جا رہا ہے، اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈوں سے  پی ٹی آئی کارکنوں کے عزم کو کمزور نہیں کیا جا سکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف ہر قسم کے سیاسی انتقام کے باوجود عوامی طاقت سے انتخابی میدان میں موجود رہے گی، گلگت بلتستان کے عوام ووٹ کی طاقت سے سیاسی انتقام کی سیاست کو مسترد کریں گے۔

شفیع جان نے کہا کہ حکومت اس قدر خوف زدہ ہوچکی ہے کہ الیکشن سے پہلے اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔

متعلقہ

Load Next Story