کراچی: جناح اسپتال کے باتھ روم میں بچے کی پیدائش
شہر قائد کے سب سے بڑے سرکاری جناح اسپتال کے واش روم میں بچے کی پیدائش پر انتظامیہ نے وضاحت جاری کردی۔
تفصیلات کے مطابق متاثرہ مریضہ کے اہل خانہ نے الزام عائد کیا کہ ڈاکٹرز نے توجہ نہیں دی اس وجہ سے بچے کی پیدائش باتھ روم میں ہوئی۔
جناح اسپتال کے ترجمان نے سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو پر وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا کہ گائنی ایمرجنسی میں مریضہ کے تیمارداروں نے ڈاکٹروں سے بدتمیزی کی اور اس دوران تیماردار ویڈیوز بناتے رہے۔
ترجمان نے کہا کہ میڈیکل ایڈوائس کے برعکس تیمارداروں نے آپریشن کے لیے دباؤ ڈالا جبکہ خاتون کو جناح اسپتال میں آپریشن کے لیے ریفر کیا گیا تھا۔
ترجمان کے مطابق ڈاکٹرز نے طبی معائنے کے بعد مریضہ کی نارمل ڈلیوری کا فیصلہ کیا اور مریضہ نے لیبر روم میں رات 2:50 بجے بیٹے کو جنم دیا۔ واش روم میں ڈلیوری کے الزامات سراسر بے بنیاد اور غلط ہیں۔
جناح اسپتال کے ترجمان کے مطابق زچہ اور بچہ دونوں صحت مند ہیں۔ زچگی کے بعد طبی پیچیدگیوں کے باعث مریضہ کو زیرِ مشاہدہ رکھا گیا تھا تاہم تیمارداروں نے دوبارہ بدتمیزی کی اور خاتون کو اسپتال سے لے گئے۔
جناح اسپتال انتظامیہ نے کہا کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز حقائق کے منافی ہیں۔