فرنچ اوپن میں ایک اور بڑا اپ سیٹ، جوکووچ کا خواب ادھورا رہ گیا

موجودہ چیمپیئن الکاراز انجری کے باعث ایونٹ میں شریک نہیں اور عالمی نمبر ایک جینک سنر پہلے ہی باہر ہوچکے ہیں

سابق چیمپئن نوواک جوکووچ کی ریکارڈ 25واں گرینڈ سلیم جیتنے کا خواب ادھورا رہ گیا۔

تفصیلات کے مطابق فرنچ اوپن کے تیسرے راؤنڈ میں برازیلی نوجوان جوآو فونسیسہ نے نوواک جوکووچ کو شکست دے کر ایونٹ سے باہر کردیا۔

اس شکست کے بعد 39 سالہ سرب کھلاڑی کا مارگریٹ کورٹ کے ریکارڈ کو عبور کرنے کا خواب ابھی مؤخر ہوگیا۔

اس شاندار میچ میں فونسیسہ نے تاریخ رقم کی اور گرینڈ سلیم میں جوکووچ کو شکست دینے والے پہلے نوجوان بن گئے۔

فونسیسہ نے یہ تاریخی فتح اپنی ماں کے نام کی جبکہ جوکووچ نے فونسیسہ کی صلاحیتوں کی تعریف کی اور کہا کہ نوجوان کھلاڑی اہم لمحات میں بہتر کھیل پیش کرنے میں کامیاب رہا۔

یہ میچ چار گھنٹے اور 53 منٹ جاری رہا اور اس دوران شائقین نے جوکووچ کو کھڑے ہو کر داد دی۔

اس سال فرنچ اوپن کا فاتح پہلی بار گرینڈ سلیم جیتنے والا کوئی نیا کھلاڑی بنے گا کیونکہ موجودہ چیمپیئن کارلوس الکاراز کلائی کی چوٹ کے باعث ایونٹ میں شریک نہیں ہوئے اور عالمی نمبر ایک جینک سنر بھی ابتدائی راؤنڈ میں آؤٹ ہوگئے ہیں۔

Load Next Story