صومالی قزاقوں کے ہاتھوں اغوا پاکستانی امین بن شمس کی اہلیہ کا ویڈیو پیغام

10 پاکستانیوں کے اغوا کو 40 روز مکمل ہو چکے، ہمارے پیارے بیمار اور بے یار و مددگار ہیں، حکومت مدد کرے، اپیل

کراچی:

صومالی قزاقوں کے ہاتھوں اغوا پاکستانیوں میں سے امین بن شمس کی اہلیہ نے ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے حکام سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔

عائشہ امین نے اپنے پیغام میں اپنے شوہر سمیت 10 پاکستانیوں کی بازیابی کے لیے حکومت سے فوری اور سنجیدہ اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان کے شوہر امین بن شمس سمیت 10 پاکستانیوں کے اغوا کو 40 روز مکمل ہوچکے ہیں اور ان 10 خاندانوں نے یہ تمام دن انتہائی کرب اور بے چینی میں گزارے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اہلخانہ مختلف اداروں کے پاس جاچکے ہیں، انٹرویوز دے چکے ہیں اور احتجاج بھی کرچکے ہیں، لیکن انہیں تسلی دینے والا کوئی نہیں اور نہ ہی کوئی ایسی یقین دہانی کرارہا ہے کہ ان کے پیارے بحفاظت واپس آجائیں گے۔

عائشہ امین کا کہنا تھا کہ شپنگ آفس کی جانب سے کہا گیا تھا کہ اغوا شدگان تک کھانا اور پانی پہنچا دیا گیا ہے، تاہم حقیقت اس کے برعکس ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اغوا ہونے والے پاکستانیوں کو کھانے کے لیے صرف سوکھے چاول اور پینے کے لیے گندا پانی دیا جارہا ہے، جس کے باعث سب بیمار ہورہے ہیں۔

عائشہ امین نے کہا کہ عید کے موقع پر ہونے والی بات چیت میں معلوم ہوا کہ تمام اغوا شدگان بے یار و مددگار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اہلخانہ اپنے چھوٹے بچوں کو شدید گرمی میں ساتھ لے کر مختلف مقامات پر جاتے ہیں جبکہ بچے بار بار سوال کرتے ہیں کہ ان کے والد کب واپس آئیں گے اور فون کیوں نہیں کرتے۔

ان کا کہنا تھا کہ بچے معصوم ہیں اور یہ نہیں جانتے کہ بحری قزاق کیا ہوتے ہیں۔

انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وزیر داخلہ محسن نقوی سے اپیل کی کہ وہ ان خاندانوں کی مدد کریں اور ان کے پیاروں کو بحفاظت واپس لانے کے لیے اقدامات کریں۔

Load Next Story