پولیس افسر کے قریبی رشتہ دار کا فلیٹ بھی ڈاکوؤں کے نشانے پر، قیمتی سامان لوٹ کر فرار

پولیس نے دو ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا، لوٹا ہوا سامان بھی برآمد کرلیا گیا

کراچی کے علاقے کلفٹن میں واقع فلیٹ میں ایس ایس پی کے رشتے دار کے گھر ڈکیتی کرنے والے ملزمان کو پولیس نے 24 گھنٹوں کے دوران زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق شہر قائد کے پوش علاقے کلفٹن میں واقع مرتضیٰ کمرشل کے ایک فلیٹ میں ڈکیتی کی واردات ہوئی جس کے دوران مسلح ملزمان اسلحے کے زور پر قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہوگئے تھے۔

پولیس کے مطابق واردات تھانہ ساحل کی حدود میں پیش آئی جہاں ملزمان نے فلیٹ میں داخل ہو کر موبائل فونز، لیپ ٹاپ اور دیگر قیمتی اشیاء اپنے ساتھ لے لیں اور موقع سے فرار ہو گئے تھے۔

پولیس حکام کا کہنا تھا کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج حاصل کی جا رہی ہے اور مختلف زاویوں سے تفتیش جاری ہے۔

ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی کہ جس فلیٹ میں واردات ہوئی وہ ڈی پی او رحیم یار خان عرفان علی سمو کے قریبی رشتہ دار کا ہے۔

بعد ازاں ساحل پولیس نے ڈیفنس فیز 8 میں پولیس افسر کے قریبی رشتے دار کے فلیٹ میں ڈکیتی کی واردات میں ملوث 2 ڈاکوؤں کو 24 گھنٹے کے اندر مبینہ مقابلے کے دوران زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔

پولیس نے ڈاکوؤں کے قبضے سے فلیٹ سے لوٹے گئے 6 موبائل فونز اور 2 لیپ ٹاپ برآمد کرلیے۔ ترجمان ڈسٹرکٹ ساؤتھ پولیس کے مطابق ساحل پولیس کو مشبتہ افراد کی موجودگی سے متعلق اطلاع ملی تھی جو پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر ملزمان کا تعاقب کیا اور اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں 2 ملزمان کو پولیس نے زخمی حالت میں گرفتار کرلیا جبکہ ایس ایچ او ساحل کے مطابق ڈیفنس فیز 8 خیابان خیبر 36 اسٹریٹ کے قریب پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

فائرنگ کے نتیجے میں پولیس نے 2 ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا جن کی شناخت ندیم ولد مشیر اور صادق ولد لیاقت کے نام سے کی گئی جبکہ ڈاکوؤں کے قبضے سے 2 پستول ، کار ، 6 موبائل فونز اور 2 لیپ ٹاپ برآمد ہوئے ہیں۔

پولیس نے زخمی حالت میں گرفتار ڈاکوؤں کو طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کر دیا جبکہ اس حوالے سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔

ایس ایس پی ڈسٹرکٹ ساؤتھ مہزور علی کے مطابق زخمی حالت میں گرفتار ڈاکو اتوار کی شب ساحل تھانے کی حدود میں پولیس افسر ایس ایس پی عرفان سموں کے قریبی رشتے دار کے فلیٹ میں ڈکیتی کی واردات میں ملوث ہیں اور ان سے لوٹا گیا سامان بھی برآمد ہوا ہے۔

Load Next Story