کراچی سے بینکاک جانے والی پرواز ساڑھے پانچ گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار

تھائی ایئر کی پرواز طویل تاخیر کے بعد صبح 5 بجکر 9 منٹ پر روانہ ہوئی

کراچی: تکنیکی خرابی کے باعث بینکاک جانے والی تھائی ائیر کی پرواز میں ساڑھے پانچ گھنٹے سے زائد تاخیر ہوگئی۔

ذرائع کے مطابق تھائی ائیر کی پرواز نمبر ٹی جی 342، جو رات ساڑھے گیارہ بجے کراچی سے روانہ ہونا تھی، طویل تاخیر کے بعد صبح 5 بجکر 9 منٹ پر روانہ ہوئی۔

اطلاعات کے مطابق طیارہ جب کراچی ائیرپورٹ پر لینڈ کر رہا تھا تو اس دوران اس کے ٹائر میں اچانک خرابی سامنے آئی، جس کے باعث پرواز کو روانگی میں شدید تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔

تکنیکی مسئلے کے باعث مسافروں کو متعدد بار روانگی کے اوقات میں تبدیلی سے آگاہ کیا جاتا رہا، جس پر مسافروں میں بے چینی پائی گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایئربس 330 طیارے کے ٹائر کی خرابی کو دور کرنے کے لیے ترکش ائیر کے انجینئرنگ عملے نے بھی معاونت فراہم کی۔

دوسری جانب رات 9 بجے ائیرپورٹ پہنچنے والے مسافروں نے تاخیر پر عملے کے خلاف احتجاج کیا، جبکہ کچھ مقامات پر تلخ کلامی کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے۔

Load Next Story