روپے کی قدر مزید بہتر، انٹربینک میں ڈالر 278.47 روپے پر بند

جاپانی ین، سعودی ریال اور متحدہ عرب امارات کے درہم کے مقابلے میں روپے نے بہتری دکھائی

پاکستانی روپیہ پیر کے روز امریکی ڈالر کے مقابلے میں اپنی بتدریج مضبوطی کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے انٹربینک مارکیٹ میں معمولی بہتری کے ساتھ بند ہوا۔

 کاروباری دن کے اختتام پر روپے کی قدر میں 2.91 پیسے یا 0.01 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور ڈالر کی قیمت 278.50 روپے سے کم ہو کر 278.47 روپے پر آگئی۔

زرمبادلہ مارکیٹ میں کاروبار کے دوران ڈالر 278.65 روپے کی بلند ترین اور 278.45 روپے کی کم ترین سطح کے درمیان گردش کرتا رہا، جس سے مارکیٹ میں استحکام کا رجحان نمایاں رہا۔

اوپن مارکیٹ میں ایکسچینج کمپنیوں نے امریکی ڈالر کی خریداری 278.00 روپے اور فروخت 279.55 روپے پر کی۔دیگر بڑی عالمی کرنسیوں کے مقابلے میں روپے کی کارکردگی ملی جلی رہی۔ یورو کے مقابلے میں روپیہ کمزور ہو کر 324.66 روپے، برطانوی پاؤنڈ کے مقابلے میں 375.03 روپے، سوئس فرانک کے مقابلے میں 355.54 روپے اور چینی یوآن کے مقابلے میں 41.16 روپے پر بند ہوا۔

 تاہم جاپانی ین، سعودی ریال اور متحدہ عرب امارات کے درہم کے مقابلے میں روپے نے بہتری دکھائی اور بالترتیب 1.7464 روپے، 74.21 روپے اور 75.82 روپے کی سطح پر بند ہوا۔ مالی سال 2025-26 کے آغاز سے اب تک پاکستانی روپیہ امریکی ڈالر کے مقابلے میں مجموعی طور پر 5.29 روپے یا 1.90 فیصد مضبوط ہو چکا ہے، جبکہ رواں کیلنڈر سال کے دوران بھی روپے کی قدر میں 1.65 روپے یا 0.59 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

 دوسری جانب منی مارکیٹ میں استحکام برقرار رہا اور کراچی انٹربینک کی چھ ماہہ بِڈ اور آفر شرحیں 2 بیسس پوائنٹس کمی کے بعد بالترتیب 12.23 فیصد اور 12.48 فیصد پر آگئیں۔

Load Next Story