کراچی، پولیس اور ایس آئی یو کے ڈاکوؤں کے ساتھ مقابلے، 1 ڈاکو ہلاک، 3 زخمی حالت میں گرفتار
شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس اور اسپیشل انویسٹیگیشن یونٹ (ایس آئی یو) کے ڈاکوؤں کے ساتھ مبینہ مقابلوں میں ایک ڈاکو ہلاک جبکہ تین دیگر زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے۔
پولیس کے مطابق عوامی کالونی تھانے کی حدود تاج گبول گوٹھ میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔
ملزم کو فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی شناخت سمیر کے نام سے ہوئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا تاہم وہ دورانِ علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
دوسری جانب نارتھ کراچی کے علاقے میں شہریوں نے لوٹ مار کی کوشش ناکام بناتے ہوئے دو مبینہ ڈاکوؤں کو پکڑ لیا۔
پولیس کے مطابق دونوں ملزمان سیکٹر 8 میں ایک موٹرسائیکل سوار شہری سے واردات کی کوشش کر رہے تھے کہ موقع پر موجود افراد نے انہیں دبوچ لیا اور تشدد کے بعد پولیس کے حوالے کر دیا۔
سرسید پولیس نے دونوں زخمی ملزمان کو تحویل میں لے کر ان کے قبضے سے ایک پستول اور موٹرسائیکل برآمد کر لی۔
گرفتار افراد کی شناخت فیاض اور خالد کے ناموں سے کی گئی ہے۔
ادھر اسپیشل انویسٹیگیشن یونٹ (ایس آئی یو) نے سرسید کے علاقے میں ایک اور کارروائی کے دوران مبینہ مقابلے کے بعد عبدالقادر عرف رابش نامی ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔ ملزم کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔
ایس آئی یو حکام کے مطابق کارروائی انتہائی مطلوب بھتہ خور صمد کاٹھیاواڑی کے مبینہ اہم شوٹر کی موجودگی کی اطلاع پر کی گئی تھی۔
گرفتار ملزم کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فون، نقد رقم اور دیگر سامان بھی برآمد کیا گیا ہے۔