ہوم سیریز میں اسپن وکٹوں کے استعمال پر ہونے والی تنقید ہیڈ کوچ نے رد کردی

ورلڈ کپ جنوبی افریقا کے علاوہ زمبابوے اور نمیبیا میں بھی کھیلا جائے گا جہاں اسپن بولنگ اہم کردار ادا کرتی ہے، ہیسن

پاکستان کرکٹ ٹیم کے وائٹ بال ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے آسٹریلیا کے خلاف ہوم سیریز میں اسپن وکٹوں کے استعمال پر ہونے والی تنقید رد کردی۔

اسپن وکٹوں پر تنقید کا جواب دیتے ہوئے مائیک ہیسن نے کہا کہ یہ تاثر درست نہیں کہ آئندہ ورلڈ کپ میں صرف تیز اور باؤنسی وکٹوں پر ہی کھیلنا ہوگا۔

پہلے میچ کے بعد بعض کرکٹ ماہرین اور مبصرین نے اسپن کے لیے سازگار وکٹوں پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا تھا کہ جنوبی افریقا میں ہونے والے ورلڈ کپ کی تیاری کے لیے پاکستان کو فاسٹ اور باؤنسی وکٹوں پر کھیلنا چاہیے۔

مائیک ہیسن نے اس مؤقف کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی افریقا کی تمام وکٹوں کو یکساں طور پر تیز اور باؤنس والی قرار دینا حقیقت کے برعکس ہے۔

ہیسن نے کہا کہ وہ گزشتہ چند دنوں سے یہ بحث سن رہے ہیں کہ پاکستان میں تیار کی جانے والی وکٹیں ورلڈ کپ کی مناسب تیاری نہیں ہیں لیکن حقیقت اس سے مختلف ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 2027 کا ورلڈ کپ صرف جنوبی افریقا میں نہیں بلکہ زمبابوے اور نمیبیا میں بھی کھیلا جائے گا جہاں اسپن بولنگ اہم کردار ادا کرتی اور پاکستان کو وہاں میچز کھیلنے ہوں گے۔

Load Next Story