ٹیسٹ میچز میں سرخ کی جگہ پنک گیند کے استعمال کی منظوری
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹیسٹ کرکٹ میں خراب روشنی کے باعث ضائع ہونے والے وقت کو کم کرنے کے لیے ایک اہم آزمائشی اقدام کی منظوری دے دی ہے۔
نئے فیصلے کے تحت ایسے ٹیسٹ میچز میں جہاں خراب روشنی کے باعث کھیل متاثر ہونے کا خدشہ ہو، میچ شروع ہونے سے قبل دونوں ٹیموں کی رضامندی سے سرخ گیند کے بجائے گلابی گیند استعمال کی جا سکے گی۔
یہ فیصلہ احمد آباد میں ہونے والے آئی سی سی بورڈ اجلاس میں منظور کیا گیا۔
آئی سی سی نے اس کے علاوہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں ہیڈ کوچز یا نامزد سپورٹ اسٹاف کو ڈرنکس بریک کے دوران میدان میں آ کر کھلاڑیوں سے مشاورت کرنے کی اجازت بھی دے دی ہے۔
مزید برآں، ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں اننگز کے درمیان وقفہ 15 منٹ مقرر کر دیا گیا ہے جبکہ لیگ سائیڈ وائیڈ گیندوں کے فیصلوں کے لیے گائیڈ لائنز کے استعمال کو مستقل قانون کا حصہ بنا دیا گیا ہے۔
مشکوک باؤلنگ ایکشن کی جانچ کے لیے امپائرز کو ہاک آئی ڈیٹا تک رسائی بھی فراہم کی جائے گی۔