انمول پنکی کے سہولت کاروں کے خلاف اہم شواہد عدالت میں جمع

عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد درخواست ضمانت پر فیصلہ مؤخر کر دیا

فوٹو اسکرین گریپ

کراچی:

منشیات ڈیلر انمول عرف پنکی کے سہولت کاروں کے خلاف اہم شواہد عدالت میں جمع کرا دیے گئے۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ساؤتھ کی عدالت میں منشیات کے مقدمے میں ملزمہ انمول عرف پنکی کے سہولت کاروں کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی، جہاں تفتیشی افسر نے ملزمان کے خلاف اہم شواہد عدالت میں جمع کرا دیے۔

پولیس کی جانب سے عدالت میں 500 سے زائد صفحات پر مشتمل دستاویزی ثبوت پیش کیے گئے۔ رپورٹ کے مطابق ملزمان ذیشان الرحمان اور سہیل الرحمان ایک ایزی لوڈ شاپ چلاتے ہیں اور ملزمہ انمول عرف پنکی کے ساتھ مل کر منشیات کی سپلائی اور رقم کی ٹرانزیکشن میں ملوث رہے ہیں۔

سماعت کے دوران پولیس نے ملزمہ انمول اور اس کے ساتھیوں کی کال ریکارڈنگز اور وائس نوٹس کی تفصیلات بھی عدالت میں جمع کرائیں۔

تفتیشی رپورٹ میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ذیشان الرحمان اور سہیل الرحمان ملزمہ انمول عرف پنکی کے اہم سہولت کار ہیں۔ پولیس نے عدالت سے استدعا کی کہ دستیاب شواہد کی روشنی میں ملزمان کی درخواست ضمانت مسترد کی جائے۔

واضح رہے کہ یہ مقدمہ تھانہ بغدادی میں درج ہے۔

عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد درخواست ضمانت پر فیصلہ مؤخر کر دیا۔

Load Next Story