جہاں اسمبلیاں فروخت ہوتی ہوں وہاں عوام کے مسائل نہیں ہوسکتے، محمود خان اچکزئی

ایجنسیوں کے بغیر کوئی ملک نہیں چل سکتا لیکن انہیں کسی کے خلاف استعمال نہیں ہونا چاہیے، بلوچستان بار سے خطاب

کوئٹہ:

قومی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ جہاں اسمبلیاں فروخت ہوتی ہوں وہاں غریب عوام کے مسائل نہیں ہوسکتے، پاکستان میں غیر جانب دارنہ انتخابات ہونے چاہئیں۔

بلوچستان بار کونسل سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سچ کی بنیاد پر پاکستان اور بلوچستان کے مسائل حل ہوسکتے محض سرداروں اور نوابوں کو شامل کرنے سے مسائل حل نہیں ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ وکلاء جانتے ہیں کہ 1973ء کا آئین کافی جدوجہد کے بعد بنا، کسی بھی ملک میں عدلیہ اور آئین کے ذریعے مسائل حل ہوسکتے ہیں، ہماری ملک میں اسمبلی کی بولیاں لگتی ہیں، جہاں اسمبلیاں فروخت ہوتی ہوں وہاں غریب عوام کے مسائل نہیں ہوسکتے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے آئین نے حقوق اور غداری دونوں کو واضح کردیا، تحریک تحفظ آئین پاکستان میں عوامی جماعتیں شامل ہیں، پاکستان میں غیر جانب دارنہ انتخابات ہونے چاہئیں، صوبے کے وسائل پر یہاں کے عوام کا پہلا حق ہے۔

محمود خان اچکزئی نے کہا کہ ہم کسی کے خلاف نہیں ہیں، ایجنسیوں کے بغیر کوئی ملک بھی نہیں چل سکتا لیکن ملکی نظام کو کسی کے خلاف استعمال نہیں ہونا چاہیے، ہم کسی کے خلاف کچھ نہیں کہیں گے لیکن ہمارے راستے بند نہیں کیے جائیں۔

Load Next Story