قومی کھیل کی بحالی کیلیے بڑا اقدام، ملک بھر میں 'اسکول ہاکی اپ لفٹ پلان' کا آغاز

پہلے مرحلے میں ایک ہزار اسکولوں کو ہاکی کا مکمل سامان فراہم کیا جائے گا

پاکستان کے قومی کھیل ہاکی کی بحالی کے لیے  بڑا اقدام کرتے ہوئے پی ایچ ایف نے ملک بھر میں 'اسکول ہاکی اپ لفٹ پلان' کا آغاز کردیا۔ترجمان پی ایچ ایف  کے مطابق پہلے مرحلے میں ایک ہزار اسکولوں کو ہاکی کا مکمل سامان فراہم کیا جائے گا، وزارتِ بین الصوبائی رابطہ، پاکستان اسپورٹس بورڈ اور پرائیویٹ سیکٹر کے تعاون سے انڈر-15 نیشنل پول تیار کرنے کا عزم کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن نے پاکستان اسپورٹس بورڈ اور وزارتِ بین الصوبائی رابطہ کے اشتراک سے ملک بھر میں نچلی سطح پر ہاکی کے فروغ اور بحالی کے لیے ایک انقلابی منصوبے "اسکول ہاکی اپ لفٹ پلان" کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔

 ایک سال پر محیط اس جامع منصوبے کے تحت پاکستان بھر کے ایک ہزار اسکولوں کو ہاکی کا مکمل اور جدید سامان فراہم کیا جائے گا۔ اس منصوبے کو حکومتِ پاکستان، اسپورٹس بورڈ اور نجی شعبے کے اسپانسرز کے مالی اور تکنیکی تعاون سے ہنگامی بنیادوں پر نافذ کیا جا رہا ہے۔

 اس منصوبے کا بنیادی مقصد اسکول کی سطح سے ہی کھیلوں کے کلچر کو فروغ دینا اور نوجوان کھلاڑیوں کی ایک نئی کھیپ تیار کرنا ہے۔ پہلے سال کے اختتام تک اسکولوں کے مابین مقابلوں اور خصوصی کوچنگ کیمپس کے ذریعے ہزاروں باصلاحیت لڑکوں اور لڑکیوں کی نشاندہی کی جائے گی، جنہیں ملا کر ایک مضبوط "انڈر-15 قومی پول" تشکیل دیا جائے گا۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ حکومتِ پاکستان اور اسپانسرز کی جانب سے فراہم کیے جانے والے فنڈز کو انتہائی شفاف طریقے سے استعمال کیا جائے گا تاکہ ملک کے طول و عرض میں زیادہ سے زیادہ اسکولوں تک اس منصوبے کے ثمرات پہنچائے جا سکیں۔

 پی ایچ ایف کا یہ اقدام پاکستان میں ہاکی کی گرتی ہوئی ساکھ کو دوبارہ بحال کرنے، قومی کھیل کی بنیادیں مضبوط کرنے اور روشن مستقبل کو محفوظ بنانے کی جانب ایک بڑا اور تاریخی سنگِ میل ثابت ہوگا۔

 

Load Next Story