پیٹ کمنز آسٹریلیا کیلیے کم از کم 21 مزید ٹیسٹ میچز کھیلنے کے خواہشمند
آسٹریلوی ٹیسٹ اور ون ڈے کپتان پیٹ کمنز نے امید ظاہر کی ہے کہ وہ آئندہ 12 ماہ کے مصروف ترین شیڈول کے دوران تمام ٹیسٹ میچز کھیل سکیں گے۔
تاہم پیٹ کمنز کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کے تینوں اہم فاسٹ بولرز کا ہر میچ میں دستیاب رہنا غیر معمولی بات ہوگی۔
کمر کی انجری کے باعث طویل عرصے تک کرکٹ سے دور رہنے کے بعد کمنز نے حال ہی میں آئی پی ایل میں واپسی کی جہاں انہوں نے چار ماہ بعد مسابقتی کرکٹ کھیلی۔
ان کا کہنا ہے کہ طبی معائنے کے نتائج مثبت آئے ہیں اور اب وہ اپنی فٹنس کو ٹیسٹ کرکٹ کے تقاضوں کے مطابق بہتر بنانے پر توجہ دے رہے ہیں۔
آسٹریلیا اگست میں بنگلادیش کے خلاف ہوم سیریز سے ایک ایسے دور کا آغاز کرے گا جس میں اگلے ایک سال کے دوران 21 تک ٹیسٹ میچز کھیلنے کا امکان ہے۔
اس دوران ٹیم بھارت اور انگلینڈ کے اہم دوروں کے علاوہ جنوبی افریقا کا بھی سفر کرے گی۔
کمنز کا کہنا ہے کہ اتنے زیادہ ٹیسٹ میچز میں ایک ہی فاسٹ بولنگ اٹیک کا مسلسل کھیلنا مشکل دکھائی دیتا ہے اس لیے کھلاڑیوں کی روٹیشن ناگزیر ہو سکتی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ان کی پہلی ترجیح ٹیسٹ کرکٹ ہوگی اس لیے محدود اوورز کی کرکٹ اور بگ بیش لیگ میں شرکت محدود رہ سکتی ہے۔
Pat Cummins is aiming to play as many Tests as possible in one of Australia's busiest 12 months on record, beginning in Darwin in August against Bangladesh.
— cricket.com.au (@cricketcomau) June 4, 2026
Read more: https://t.co/UI4J355qgD pic.twitter.com/xzG6pAY1vc
کمنز نے تجربہ کار فاسٹ بولر جوش ہیزل ووڈ کی بھی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ انجری مسائل کے باوجود وہ مستقبل میں باقاعدگی سے ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔