ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 22.64 ارب ڈالر تک پہنچ گئے
زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا—فوٹو: فائل
پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر 22.64 ارب ڈالر تک پہنچ گئے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق 29 مئی 2026ء کو ختم ہوئے ہفتے کے اختتام پر ملک کے مجموعی زرمبادلہ کے ذخائر 22 ارب 63 کروڑ 60 لاکھ امریکی ڈالر کی سطح پر پہنچ گئے۔
جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے پاس موجود زرمبادلہ کے ذخائر 17 ارب 19 کروڑ 4 لاکھ امریکی ڈالر رہے، جبکہ کمرشل بینکوں کے پاس خالص زرمبادلہ کے ذخائر 5 ارب 44 کروڑ 56 لاکھ امریکی ڈالر ریکارڈ کیے گئے۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق زیرِ جائزہ ہفتے کے دوران مرکزی بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر میں 4 کروڑ 30 لاکھ امریکی ڈالر کا اضافہ ہوا جس کے بعد اسٹیٹ بینک کے ذخائر بڑھ کر 17 ارب 19 کروڑ 4 لاکھ امریکی ڈالر ہو گئے۔
مجموعی طور پر ملک کے مائع زرمبادلہ کے ذخائر مستحکم سطح پر برقرار رہے، جو بیرونی ادائیگیوں اور مالیاتی استحکام کے حوالے سے ایک اہم اشاریہ سمجھے جاتے ہیں۔