کراچی، شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات، کمسن بچے سمیت 5 افراد زخمی
شہر قائد کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے متعدد واقعات میں کمسن بچے سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے۔
گلستان جوہر بلاک 6 گل چوک کے قریب فائرنگ سے 3 سالہ محمد عثمان زخمی ہوگیا۔ چھیپا حکام کے مطابق زخمی بچے کو فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ مبینہ طور پر پلاٹ کے تنازعے کا شاخسانہ ہے اور امکان ہے کہ بچہ فائرنگ کی زد میں آ گیا۔
دوسرے واقعے میں ملیر غریب آباد اسماعیل کریانہ شاپ کے قریب گھر کے اندر فائرنگ سے 26 سالہ گلفام زخمی ہوا۔ زخمی کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔
لیاقت آباد 5 نمبر گلی نمبر 8 فاروق اعظم مسجد کے قریب گھر میں پراسرار فائرنگ کے نتیجے میں 30 سالہ شمائلہ زخمی ہوگئی جسے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔
اسی طرح گلستان جوہر پہلوان گوٹھ پی آئی اے سوسائٹی کے قریب فائرنگ سے 17 سالہ عبداللہ زخمی ہوا جسے طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔
سرجانی ٹاؤن سیکٹر 7A فیضان بلال مسجد کے قریب بھی فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس میں 18 سالہ ماہ نور زخمی ہوگئی۔ زخمی لڑکی کو عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔