پی ٹی آئی کی خیبرپختونخوا اسمبلی کے ناراض حکومتی ارکان کو منانے کی تمام کوششیں ناکام
خیبرپختونخوا اسمبلی میں ناراض حکومتی ارکان کو منانے کی تمام تدبیریں ناکام ہوگئیں، ناراض ارکان نے صرف بیرسٹر گوہر سے مذاکرات کا فیصلہ کیا ہے، ناراض ارکان نے آئندہ کے لائحہ عمل کے لیے اجلاس پیر کے روز اسمبلی اجلاس سے قبل پشاور میں طلب کرلیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق خیبرپختونخوا اسمبلی میں ناراض ارکان اسمبلی کو منانے کی تمام کوششیں بے سود ثابت ہوئیں، مرکزی اور صوبائی شخصیات کی جانب سے ناراض ارکان کو منانے کی کوششیں کی گئیں لیکن ناراض ارکان اپنے موقف پر ڈٹے ہوئے ہیں کہ وہ کسی کمیٹی یا شخصیت سے ملاقات کی بجائے مرکزی چیئرمین بیرسٹر گوہر سے مذاکرات کریں گے۔
ناراض رکن نے ایکسپریس سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ ہمارا ون پوائنٹ ایجنڈا ہے کہ عمران خان کی رہائی کے لیے احتجاج کی تاریخ کا اعلان کیا جائے، ان کی بہنیں ہر منگل کو اکیلے اڈیالہ جیل کے سامنے موجود ہوتی ہیں، اب ورکرز سوال کرتے ہیں کہ کب تحریک کا اعلان کیا جائے گا؟
ناراض رکن نے بتایا کہ عید سے قبل صوبائی اسمبلی میں ہونے والے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں اسپیکر نے یقین دہانی کرائی تھی کہ وہ مشاورت کے بعد ان کے تحفظات دور کریں گے لیکن اس کے بعد اسپیکر نے بھی رابطہ نہیں کیا، وزیراعلی ہوں یا کوئی اور شخصیت ہم کسی سے بات چیت کے لیے تیار نہیں بات اب بیرسٹر گوہر سے ہی بات ہوگی۔