ای سی سی کی گلگت بلتستان، مختلف منصوبوں کیلئے اربوں روپے کی گرانٹس جاری کرنے کی منظوری

وفاقی وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا

فوٹو: پی آئی ڈی

کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نےگلگت بلتستان کے اخراجات اور ترجیحی منصوبوں کے لیے4 ارب 37 کروڑ 70 لاکھ روپے جاری کرنے اور اسلام آباد مذاکرات کے سیکیورٹی انتظامات سمیت متعدد منصوبوں کے لیے اربوں روپے کی گرانٹس کی منظوری دے دی۔

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت نئے مالی سال کے وفاقی بجٹ سے پہلے ای سی سی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں پائیدار ترقیاتی اہداف پروگرام کے لیے 7 ارب 2 کروڑ 63 لاکھ کی گرانٹ، پاک بحریہ کے ہنگور پروجیکٹ کے لیے 10 ارب 15 کروڑکی تکنیکی ضمنی گرانٹ منظور کر لی گئی ہے۔

اعلامیے کے مطابق اسلام آباد مذاکرات کے سیکیورٹی انتظامات کے لیے69 کروڑ 29 لاکھ، امام بارگاہ خدیجۃ الکبریٰ اسلام آباد دھماکے کے متاثرین کے لیے 24 کروڑ 10 لاکھ روپے، لینڈ پورٹس اتھارٹی کی آپریشنل ضروریات کے لیے 52 کروڑ 80 لاکھ روپے،کوسٹ گارڈز کے لیے فاسٹ پیٹرول بوٹس اور انفرا اسٹرکچرکی خریداری کے لیے80 کروڑکی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں اسلام آباد سیف سٹی توسیعی منصوبے کے لیے ایک ارب 88 کروڑ37 لاکھ روپے، نیکٹا کی آپریشنل ضروریات کے لیے15 کروڑ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ اور ریکوڈک منصوبے کے سیکیورٹی اخراجات کے لیے41 کروڑ39 لاکھ روپے کی منظوری دے دی گئی ہے۔

کمیٹی نے گلگت بلتستان کے ضلع شگر میں ٹیلی کام ٹاورز کی تنصیب کے لیے 18 کروڑ 35 لاکھ روپے، پارلیمانی سیکریٹریز کی تنخواہوں اور الاؤنسز کے لیے 11 کروڑ 99 لاکھ روپے، کراچی اور حیدرآباد اربن انفرا اسٹرکچر پیکجز کے لیے 8 ارب 75 کروڑ 89 لاکھ روپے، خیبر پختونخوامیں ایس اے پی منصوبوں کے لیے 2 ارب 84 کروڑ روپے اور پاکستان منٹ کی اپ گریڈیشن منصوبے کے لیے ایک ارب 30 کروڑ کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی گئی۔

ای سی سی نے گلگت بلتستان کے اخراجات اور ترجیحی منصوبوں کے لیے 4 ارب 37 کروڑ 70 لاکھ روپے جاری کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ ای سی سی نے بجٹ آنریریم پالیسی کی منظوری  بھی دے دی ہے۔

مزید بتایا گیا کہ وزارت تجارت، وزارت قانون اور  اے جی پی آر بھی اہل اداروں میں شامل ہیں، آئی پی او پاکستان کے مالی سال 26-2025 کے بجٹ تخمینوں، اینگروووپک ٹرمینل لمیٹڈ کی آپریشنل سرگرمیوں کے تسلسل، پی ایس او کے لیے100 ارب روپے تک کی سنڈیکیٹڈ فنانسنگ سہولت جاری رکھنے، سینرجیکو کے ساتھ ڈیڈ آف سیٹلمنٹ کے نظرثانی شدہ فریم ورک کی منظوری دی گئی، ڈیڈ آف سیٹلمنٹ کی منظوری سے ریفائنری اپ گریڈیشن کی راہ ہموار ہو گی۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ اقتصادی امور ڈویژن کے لیے رہائشی کرایوں کی ادائیگی کے لیے دو کروڑ 99 لاکھ روپے، پارلیمنٹ ہاؤس کی جامع مسجد کی توسیع کے لیے 3 کروڑ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ منظور کر لی گئی ہے۔

Load Next Story