امریکا؛ ہم جنس پرستوں کے پرائیڈ منتھ کیخلاف’خاندانی اقدار کا مہینہ‘ منانے کا اعلان

امریکا میں رواں ماہ کو ہم جنس پرست پرائیڈ منتھ کے طور پر مناتے ہیں اور ریلیاں نکالتے ہیں

امریکا کی مختلف ریاستوں نے ہم جنس پرستوں کے پرائیڈ منتھ کیخلاف فیملی منتھ منانے کا اعلان

امریکا کی کئی ریاستوں نے ہم جنس پرستوں کے پرائیڈ منتھ کے خلاف جون کو ’خاندان کا مہینہ‘ قرار دے دیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا میں ایل جی بی ٹی کیو کے حقوق اور شناخت کے اظہار کے لیے منائے جانے والے "پرائیڈ منتھ" کے موقع پر ایک نیا سیاسی اور سماجی تنازع سامنے آ گیا ہے۔

حکمراں جماعت ریپبلکن نے کئی ریاستوں میں جون کے مہینے کو متبادل نام ’’ فیملی منتھ‘‘ دے کر روایتی خاندانی اقدار کے فروغ کی مہم شروع کر دی ہے۔

انڈیانا اور ٹینیسی کی ریاستی حکومتوں نے جون کو "نیوکلیئر فیملی منتھ" (روایتی خاندان کا مہینہ) قرار دیا جس کا مقصد ایک ایسے خاندان کو مثالی قرار دینا ہے جو ایک شوہر، ایک بیوی اور ان کے حیاتیاتی، گود لیے گئے یا زیر کفالت بچوں پر مشتمل ہو۔

اسی طرح ریاست الاباما میں جون کو "اسٹرانگ فیملیز منتھ" (مضبوط خاندانوں کا مہینہ) کا نام دیا گیا ہے۔ گورنر نے اپنے بیان میں کہا کہ والد اور والدہ کی سربراہی میں چلنے والے گھر بچوں کو زندگی میں کامیابی کے لیے ضروری نظم و ضبط اور استحکام فراہم کرتے ہیں۔

دوسری جانب یوٹاہ اور آرکنساس کی ریاستوں نے جون کو "فیڈیلٹی منتھ" (وفاداری کا مہینہ) قرار دیا جس کا مقصد مذہب، خاندان اور وطن سے وابستگی اور وفاداری کو اجاگر کرنا بتایا گیا ہے۔

اگرچہ ان ریاستوں کے گورنرز نے باضابطہ طور پر یہ نہیں کہا کہ یہ اقدامات پرائیڈ منتھ کے متبادل کے طور پر کیے جا رہے ہیں تاہم ہم جنس پرستوں کے حامیوں کا کہنا ہے ان اعلانات کا اصل مقصد پرائیڈ منتھ کا سیاسی جواب دینا ہے۔

مرکزی الاباما پرائیڈ کے صدر جوش کولمین نے کہا کہ ریاستی حکومتوں کے اعلان کے باوجود پرائیڈ تقریبات معمول کے مطابق جاری رہیں گی۔ سیاسی قیادت ہماری شناخت کو تسلیم کرنے سے گریز کرتی ہے۔ اسی لیے پرائیڈ تحریک کا آغاز بھی ہوا تھا۔

یاد رہے کہ امریکا میں پرائیڈ منتھ کی تاریخ 1969 کے مشہور "اسٹون وال" احتجاج سے جڑی ہوئی ہے، جب نیویارک میں ہم جنس پرستوں نے پولیس کارروائیوں اور امتیازی سلوک کے خلاف مزاحمت کی تھی۔

اس واقعے کو جدید ہم جنس پرست حقوق کی تحریک کا نقطۂ آغاز تصور کیا جاتا ہے اور 1970 سے ہر سال جون میں اس کی یاد میں ریلیاں، فیسٹیولز اور آگاہی مہمات منعقد کی جاتی ہیں۔

واضح رہے کہ ٹرمپ کے دوسرے دور میں ٹرانس جینڈر حقوق، ہم جنس شادیوں اور پرائیڈ پرچموں کے خلاف سخت اقدامات سامنے آ چکے ہیں جسے انسانی حقوق کی تنظیمیں اور ہم جنس پرستوں کے حامی قدامت پسندی قرار دیتے ہیں۔

 

Load Next Story