ایشین گیمز: نیپال، ملائیشیا، ہانگ کانگ اور عمان نے کرکٹ ایونٹ کیلیے کوالیفائی کرلیا

یہ چاروں ٹیمیں اب ایشین گیمز میں افغانستان، بنگلادیش، بھارت، پاکستان، سری لنکا اور میزبان جاپان کے ساتھ شریک ہوں گی

جاپان میں منعقد ہونے والے ایشین گیمز 2026 کے مردوں کے کرکٹ مقابلوں کے لیے نیپال، ملائیشیا، ہانگ کانگ اور عمان نے کوالیفائی کر لیا ہے۔

سنگاپور میں کھیلے گئے کوالیفائنگ ٹورنامنٹ میں ان چاروں ٹیموں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اگلے مرحلے میں جگہ بنائی۔

گروپ اے میں نیپال نے اپنی برتری ثابت کرتے ہوئے چین کو 221 رنز کے بڑے فرق سے شکست دی۔

اس میچ میں اوپنر کوشل بھورٹیل نے صرف 43 گیندوں پر 129 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی۔

بعد ازاں نیپال نے ملائیشیا کو بھی 167 رنز سے ہرایا، جہاں بھورٹیل نے ایک اور سنچری اسکور کی۔

قطر کے دستبردار ہونے کے بعد نیپال گروپ میں سرفہرست رہا جبکہ ملائیشیا نے چین کے خلاف کامیابی حاصل کرکے کوالیفکیشن یقینی بنائی۔

گروپ بی میں ہانگ کانگ اور عمان دونوں نے بحرین اور میزبان سنگاپور کو شکست دے کر ناقابلِ شکست رہتے ہوئے اگلے مرحلے میں رسائی حاصل کی۔

یہ چاروں ٹیمیں اب ایشین گیمز میں افغانستان، بنگلادیش، بھارت، پاکستان، سری لنکا اور میزبان جاپان کے ساتھ شریک ہوں گی۔

مردوں کے کرکٹ مقابلے 24 ستمبر سے شروع ہوں گے جبکہ فائنل 3 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔

خواتین کے مقابلوں کے لیے تھائی لینڈ، ملائیشیا اور چین پہلے ہی کوالیفائی کر چکے ہیں۔

Load Next Story