سندھ حکومت کا کراچی کے یلولائن بس منصوبے پر تحفظات کا اظہار
سندھ حکومت نے یلو لائن منصوبے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے ورلڈ اور ایشیائی ترقیاتی بینک سے شہر کھودنے کے بجائے بسیں فراہم کرنے کا مطالبہ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری میں منعقدہ تقریب کے دوران سندھ کے وزیر بلدیات ناصر حسین نے شاہ نے انکشاف کیا کہ یلو لائن منصوبے پر سندھ حکومت کو بھی تحفظات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی سندھ نے ورلڈ بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک سے کہا ہے کہ شہر کھودنے کے بجائے آپ بسیں فراہم کردیں۔
ناصر حسین شاہ نے تاجر و صنعت کاروں سے خطاب اور صحافیوں کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ سندھ کی ہائی ویز کی سڑکوں کی ذمہ داری سندھ حکومت کی نہیں ہے۔
ناصر شاہ نے بتایا کہ اس وقت کراچی میں دو ہزار ارب روپے کے پراجیکٹس کام چل رہے ہیں جن پر جلدی کام مکمل ہوجائے گا، کراچی میں 140رابطہ سڑکوں پر کام شروع ہوچکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیلابوں کی وجہ سے 2010 سے 2022 تک دو بار سندھ کا 70فیصد انفرااسٹرکچر تباہ ہوگیا تھا۔
وزیر بلدیات نے کہا کہ این ایف سی کی بات تو سب کرتے ہیں لیکن پی ایس ڈی سے سندھ کو صرف تین سے 4 فیصد مل رہا ہے، سندھ کی ہائی ویز خرابی کی بات تو سب کرتے ہیں لیکن اس کو بنانے کی ذمہ داری وفاق کے پاس ہے۔
کراچی کی تاجربرادری نے وزیر بلدیات کے سامنے شکایتوں کے انبار لگا دئیے۔ کورنگی ایسویسی ایشن اف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے صدر اکرام راجپوت نے کہا کہ 22 سال سے شہر کے سب سے بڑی صنعتی ایسوسی ایشن کا دفتر پانی کے کنکشن سے محروم ہے جہاں پانی کا ایک بوند نہیں آیا۔
انہوں نے کہا کہ کورنگی صنعتی علاقے کے لیے 2 ارب روپے کا فنڈز ناکافی ہے، صنعتی علاقے کو مثالی بنانے اور میگا پراجیکٹس کیلئے مزید فنڈز درکار ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ صنعتوں میں ٹینکرز کے ذریعے سے پانی حاصل کیا جاتا ہے جبکہ علاقے کا سیوریج سسٹم تباہی کا شکار ہے۔ وفاقی حکومت سے بھی کورنگی کے صنعتی علاقے کی تعمیر و ترقی میں مدد دینے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ کورنگی صنعتی ایریا میں پانی کا بحران حل کیا جائے۔ کورنگی صنعتی زون تعلیمی مراکز کا مرکز بھی بن چکا ہے۔ خستہ حال سڑکوں کی حالت کو بہتر بنایا جائے تاکہ سفر کرنیوالوں کو آسانی ہو۔
کاٹی کے سابق صدر مسعود نقی نے کہا کہ یلو لائن منصوبے پر ہم کئی بار تحفظات کا اظہار کرچکے ہیں۔ اگر یلو لائن منصوبہ بنا تو انڈسٹری یہاں سے ختم ہوجائے گی۔