اسرائیل کا غزہ میں حماس کے اہم رہنما کو فضائی حملے میں شہید کرنے کا دعویٰ
اسرائیل نے غزہ میں حماس کے ایک اور کمانڈر کو شہید کردیا
اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے غزہ کے جنوبی علاقے میں ایک فضائی حملے کے دوران حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کے ایک اہم کمانڈر کو شہید کر دیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ترجمان اسرائیلی فوج نے بتایا کہ شہید ہونے والے حماس کمانڈر کی شناخت محمد عثمان یاسین فُرانہ کے نام سے ہوئی ہے۔
اسرائیلی فوج کا مزید کہنا ہے کہ یہ عسکری کارروائی اس کے جنوبی کمانڈ یونٹ نے انٹیلی جنس بنیاد پر حاصل ہونے والی معلومات پر کی۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ مذکورہ کمانڈر غزہ میں عسکری کارروائیوں میں مصروف اسرائیل کی برّی افواج کے لیے فوری خطرہ بنے ہوئے تھے۔
تاحال حماس نے اسرائیلی فوج کے اس دعوے کی فوری طور پر تصدیق یا تردید نہیں کی ہے تاہم آزاد ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیل کو ایک بڑی کامیابی ضرور ملی ہے لیکن ابھی شناخت کا عمل جاری ہے۔
خیال رہے کہ اسرائیل کے تازہ حملوں میں حماس کے غزہ میں سب سے اہم کمانڈر عزالدین الحداد شہید ہوگئے اور پھر کچھ ہی روز بعد ان کے جانشین کو بھی شہید کردیا گیا تھا۔
جس کے بعد آج اسرائیلی فوج نے محمد عثمان یاسین کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے جو حماس کے موجودہ عسکری کارروائیوں کے سب سے ماہر کمانڈر سمجھے جاتے ہیں۔