سوشل میڈیا پر زیورات کی نمائش؛ چوروں نے خاتون ولاگر کا گھر صاف کردیا
چوروں نے خاتون ولاگر کے گھر سے لاکھوں روپوں مالیت کے زیورات چرا لیے
بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کی خاتون کو سوشل میڈیا پر پوسٹ کیے گئے ولاگ میں اپنی پُرتعیش طرزِ زندگی دکھانا مہنگا پڑ گیا جب وہ چوری کی بڑی واردات کا شکار ہوگئیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مدھیہ پردیش کے ایک گھر سے چور ایک ملین روپے سے زائد مالیت کا زیور لے اڑے اور اہل خانہ ہاتھ ملتے رہ گئے۔
نقاب لگائے چور جس طرح گھر میں داخل ہوئے اور ایک ایک کمرے اور زیورات کے بارے میں جو معلومات رکھتے تھے وہ حیران کن تھا۔
پولیس کو پہلے تو شُبہ ہوا کہ چوری کی اس بڑی واردات کے پیچھے کسی جاننے والا کا ہاتھ ہے جو یا تو گھر کا ہی کوئی فرد ہے یا پھر روز کا آنا جانا ہے۔
تاہم اہل خانہ اور پولیس کو ایک چونکا دینے والا انکشاف ہوا۔ اس گھر کی خاتون سوشل میڈیا پر مقبول ویلاگر ہیں۔ جنھوں نے اپنے گھر، طرز زندگی اور زیوارت کی نمائش کی تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ چوروں نے انھی ویڈیوز سے گھر کے اندرونی نقشے اور قیمتی اشیا کے بارے میں معلومات حاصل کیں اور بعد ازاں واردات کو عملی جامہ پہنایا۔
تفتیش کے دوران گھر میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ میں ایک نقاب پوش شخص کو گھر کے باہر ان کیمروں کا زاویہ تبدیل کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
اہل خانی نے پولیس کو بتایا کہ چوری ہونے والے زیورات کی مجموعی مالیت تقریباً 8 سے 10 لاکھ بھارتی روپے ہے جن کی مالیت پاکستانی روپوں میں تقریباً 30 لاکھ روپے بنتی ہے۔
پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے جبکہ ملزمان کی تلاش جاری ہے تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جا سکی ہے۔