لبنان میں اسرائیل کا گاڑی پر حملہ؛ ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق
لبنان میں اسرائیلی حملے میں کم از کم 10 افراد جاں بحق
جنوبی لبنان کے شہر صور اور اس کے گردونواح میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں ایک ہی دن میں جاں بحق افراد کی تعداد بڑھ کر کم از کم 10 ہو گئی۔
لبنان کے سرکاری خبر رساں ادارے نیشنل نیوز ایجنسی کے مطابق اسرائیلی فوج نے صور میں ایک گاڑی پر فضائی حملہ کیا جس میں 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔
اسرائیلی حملہ اس وقت ہوا جب گاڑی سڑک پر رواں دواں تھی۔ گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔ جاں بحق ہونے والوں میں علی محمد دہینی اور ان کا بیٹا ربیع بھی شامل ہیں جو قصبے طورا سے تعلق رکھتے تھے۔
لبنانی سول ڈیفنس اور الرسالہ ہیلتھ ایمبولینس ایسوسی ایشن کے رضاکاروں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر لاشوں اور زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا۔ دو زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
دوسری جانب جنوبی لبنان کے دیگر علاقوں میں بھی اسی روز اسرائیلی فضائی اور ڈرون حملے کیے گئے جن میں رہائشی اور زرعی علاقوں کو نشانہ بنایا گیا۔
ان حملوں میں بھی کم از کم 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔ اس طرح آج لبنان میں کم از کم 10 افراد اسرائیلی حملوں میں جاں بحق ہوگئے۔
علاوہ ازیں اسرائیلی حملے میں ریڈ کراس کے 4 پیرامیڈکس بھی زخمی ہوگئے انھیں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔
لبنانی ریڈ کراس نے بتایا کہ یہ حملہ ریڈ کراس کے مرکز کے سامنے ہوا اور پیرامیڈکس کو شیشے کے ٹکڑوں سے درمیانے اور معمولی زخم آئے۔
یاد رہے کہ امریکی صدر کے مطالبے پر ایران اور اسرائیل نے ایک دوسرے پر حملے بند کرنے کا اعلان کیا ہے تاہم اسرائیل کی جانب سے ان تازہ حملوں پر کوئی باضابطہ تفصیلی بیان سامنے نہیں آیا۔