کراچی، شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس مقابلے، 6 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار
شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس کی کارروائیوں اور مبینہ مقابلوں کے دوران 6 ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فونز، نقد رقم اور ایک موٹرسائیکل بھی برآمد کر لی گئی۔
پولیس اور ریسکیو حکام کے مطابق آرام باغ تھانے کی حدود میں حقانی چوک ریلوے گراؤنڈ کے قریب مبینہ مقابلے کے دوران ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار ہوا۔
زخمی ملزم کو سول اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی شناخت 23 سالہ نظرالدین کے نام سے کی گئی۔
اورنگی ٹاؤن کے علاقے بنارسی مارکیٹ میں پولیس اور ملزمان کے درمیان مبینہ مقابلے کے نتیجے میں ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔
عباسی شہید اسپتال منتقل کیے گئے ملزم کی شناخت تیمور کے نام سے ہوئی۔ پولیس کے مطابق ملزم سے اسلحہ، موبائل فون، نقد رقم اور موٹرسائیکل برآمد کی گئی۔
ادھر چاکیواڑہ پولیس نے لیاری کے علاقے مرزا آدم خان روڈ پر مبینہ مقابلے کے بعد 32 سالہ اورنگ زیب کو زخمی حالت میں گرفتار کیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فون اور نقد رقم برآمد ہوئی۔
گارڈن کے علاقے میں اسپیشل انویسٹی گیشن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اویس عرف جھینگا نامی ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔
ملزم کو سول اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ اس کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فون اور نقد رقم برآمد ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
دوسری جانب کورنگی انڈسٹریل ایریا پولیس نے صائمہ بند کے قریب مبینہ مقابلے کے دوران دو ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کیا۔
گرفتار ملزمان کی شناخت علی اصغر اور شہزاد کے ناموں سے ہوئی ہے جنہیں جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔
ترجمان کراچی پولیس کے مطابق دونوں ملزمان سے اسلحہ، موبائل فونز اور نقد رقم برآمد کی گئی ہے۔