جامعہ کراچی کے اساتذہ و ملازمین کے حکومت سندھ سے معاملات طے

جامعہ کراچی کی انجمن اساتذہ نے حکومت سندھ کے ساتھ ہونے والے فیصلے کی منظوری کے لیے مجلس عاملہ کا اجلاس طلب کیا ہے

فوٹو؛ فائل

حکومت سندھ اور جامعہ کراچی کے اساتذہ و ملازمین کے معاملات طے پاگئے ہیں، جس کے تحت امتحانی و تدریسی عمل کا بائیکاٹ ختم کرنے کی صورت میں مراعات کی سمری وزیراعلیٰ سندھ کو ارسال کردی جائے گی۔

حکومت سندھ اور جامعہ کراچی کے اساتذہ اور ملازمین کے مابین مذاکرات ہوئے جہاں ایک ماہ سے جاری ہڑتال اور امتحانی بائیکاٹ کا معاملہ زیر غور آیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پہلے مرحلے میں انجمن اساتذہ بائیکاٹ ختم کرے گی اور دوسرے مرحلے میں محکمہ یونیورسٹیز اینڈ بورڈز لیوو انکیشمنٹ اور ہاؤس سیلنگ میں اضافے کی سمری وزیر اعلیٰ سندھ کو بھجوائے گا۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ انجمن اساتذہ بائیکاٹ ختم کرنے کی منظوری اپنی مجلس عاملہ (ایگزیکٹیوو کونسل) سے لے گی اور  اگر انجمن اساتذہ نے امتحانی و تدریسی عمل کا بائیکاٹ ختم کردیا تو مراعات کی سمری وزیر اعلیٰ سندھ کو بھجوادی جائے گی۔

جامعہ کراچی کی انجمن اساتذہ نے حکومت سندھ کے ساتھ ہونے والے فیصلے کی منظوری کے لیے مجلس عاملہ کا اجلاس طلب کیا ہے۔

مزید بتایا گیا کہ جامعہ کراچی کے 46 ہزار طلبہ کا مستقبل انجمن اساتذہ کی مجلس عاملہ کے اجلاس کے فیصلے سے مشروط ہے، طلبہ ایک ماہ سے امتحانات کا انتظار کررہے ہیں۔

 سندھ اعلی تعلیمی کمیشن کی جانب سے طلب کیا گیا اجلاس چیئرمین ڈاکٹر طارق رفیع اور وزیر جامعات اسماعیل راہو کی مشترکہ صدارت میں ہوا، جس میں سیکریٹری سندھ ایچ ای سی نعمان احسن، ڈاکٹر سروش لودھی، سیکریٹری یونیورسٹیز اینڈ بورڈ عباس بلوچ شریک ہوئے، وائس چانسلر جامعہ کراچی ڈاکٹر خالد عراقی بھی اجلاس میں شریک ہوئے، جامعہ کراچی سے انجمن اساتذہ کے صدر غفران عالم، ملازمین و آفیسرز ایسوسی ایشن کے صدر شریک ہوئے۔

Load Next Story