افغانستان میں مارٹر شیل کو کھلونا سمجھ کر کھیلتے 7 بچے دھماکے میں جاں بحق؛ 4 زخمی
افغانستان کے صوبے پکتیکا میں مارٹرشیل دھماکے میں 5 بچوں سمیت 7 افراد جاں بحق
افغانستان کے صوبے پکتیکا میں ایک افسوسناک واقعے میں مارٹر شیل کے دھماکے کے نتیجے میں 5 بچوں سمیت 7 افراد جاں بحق جبکہ 4 بچے زخمی ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب کچرے سے ملنے والے ایک پرانے مارٹر شیل کو کھولنے یا توڑنے کی کوشش کی جا رہی تھی۔
اسی دوران زور دار دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں متعدد افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ زخمی بچوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں انھیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔
پولیس حکام نے تصدیق کی کہ جاں بحق ہونے والوں میں زیادہ تر بچے شامل ہیں جس سے علاقے میں شدید افسوس اور خوف کی فضا پیدا ہوگئی۔
افغانستان میں غیر پھٹے ہوئے بارودی مواد اور جنگی باقیات طویل عرصے سے شہری آبادی، خصوصاً بچوں کے لیے بڑا خطرہ بنی ہوئی ہیں۔
اقوام متحدہ کے اعداد و شمار کے مطابق رواں سال ایسے حادثات میں اب تک 50 کے قریب افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔
عالمی اداروں کا بھی کہنا ہے کہ افغانستان میں بارودی مواد سے ہونے والے حادثات میں حالیہ برسوں کے دوران اضافہ دیکھا گیا ہے۔
خاص طور پر دیہی علاقوں میں جہاں پرانے جنگی اسلحے اور گولہ بارود تک بچوں کی رسائی آسان ہوجاتی ہے۔