قومی بچت اسکیموں اور سروا اسلامک اسکیموں کے لیے شرح منافع میں اضافہ
فوٹو: فائل
حکومت نے قومی بچت اسکیموں اور سروا اسلامک اسکیموں کے لیے شرح منافع میں اضافہ کردیا، اضافہ شدہ شرح منافع کا اطلاق 10 جون 2026ء سے ہوگا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق اسپیشل سیونگز سرٹیفکیٹ/اکاؤنٹ پر پہلے پانچ منافع کے لیے سالانہ شرح بڑھا کر 12.4 فیصد مقرر کی گئی ہے جبکہ چھٹے اور آخری منافع کے لیے یہ شرح 13.6 فیصد ہوگی۔
ڈیفنس سیونگز سرٹیفکیٹ کے تحت مختلف برس کے لیے منافع کی شرح 10 فیصد سے بڑھ کر دسویں سال میں 216 فیصد تک مقرر کی گئی ہے۔ ریگولر انکم سرٹیفکیٹ پر ایک لاکھ روپے کی سرمایہ کاری پر ماہانہ ایک ہزار بیس روپے (12.24 فیصد سالانہ) منافع دیا جائے گا، بہبود سیونگز سرٹیفکیٹ، پنشنرز بینیفٹ اکاؤنٹ اور شہداء فیملی ویلفیئر اکاؤنٹ پر ایک لاکھ روپے کے عوض ماہانہ ایک ہزار ایک سو روپے منافع (13.20 فیصد سالانہ) مقرر کیا گیا ہے۔
بہبود سیونگز سرٹیفکیٹ صرف بیواؤں، بزرگ شہریوں اور جسمانی معذوری رکھنے والے افراد کے لیے دستیاب ہوگا جبکہ پنشنرز بینیفٹ اکاؤنٹ صرف ریٹائرڈ سرکاری ملازمین اور شہداء فیملی ویلفیئر اکاؤنٹ صرف شہداء کے اہلِ خانہ کے لیے مخصوص ہے۔
مختصر مدتی بچت سرٹیفکیٹس کے تحت تین ماہ، چھ ماہ اور ایک سال کی مدت کے لیے بالترتیب 11.4 فیصد، 11.66 فیصد اور 11.77 فیصد سالانہ منافع مقرر کیا گیا ہے، جبکہ سیونگ اکاؤنٹ پر منافع کی شرح 10 فیصد سالانہ برقرار رکھی گئی ہے۔
سروا اسلامک ٹرم اکاؤنٹ (ایس آئی اے ٹی ) میں ایک سالہ مدت کے لیے متوقع سالانہ شرح 11.88 فیصد، تین سالہ مدت کے لیے 9.16 فیصد اور پانچ سالہ مدت کے لیے 11.16 فیصد مقرر کی گئی ہے۔
اسی طرح سروا اسلامک سیونگ اکاؤنٹ پر 11.88 فیصد سالانہ منافع کے ساتھ ماہانہ 990 روپے فی ایک لاکھ روپے منافع ادا کیا جائے گا تمام متعلقہ اسکیموں پر قواعد کے مطابق ودہولڈنگ ٹیکس،زکوٰۃ اور دیگر قابلِ اطلاق کٹوتیاں لاگو ہوں گی۔